حیدرآباد2نوجوان دریائے سندھ میں ڈوب کر جاں بحق

21 سالہ رضوان اور18 سالہ عدنان اہل خانہ کے ہمراہ پکنک منانے المنظر گئے تھے جہاں نہاتے ہوئے ڈوب گئے،لاشیں نکال لی گئیں


Numainda Express August 24, 2012
21 سالہ رضوان اور18 سالہ عدنان اہل خانہ کے ہمراہ پکنک منانے المنظر گئے تھے جہاں نہاتے ہوئے ڈوب گئے،لاشیں نکال لی گئیں، فوٹو : شاہد علی ایکسپریس

لاہور: دریا ئے سندھ میں المنظر جامشورو کے مقام پر نہاتے ہوئے 2نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، لاشیں نکال کر ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں 4 روز تک شدید گرمی کے بعد جمعرات کو موسم ابر آلود رہا اور ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں، سہانے موسم کا مزا لوٹنے حیدرآباد کے سیکڑوں لوگ دریا ئے سندھ میں المنظر جامشورو کے مقام پر جا پہنچے جہاں دو الگ الگ واقعات میں 2 نوجوان نہاتے ہوئے ڈوب گئے جس کے باعث وہاں کہرام مچ گیا۔

ڈوبنے والوں کے اہل خانہ اور مقامی ملاحوں نے دونوں نوجوانوں کو بے ہوشی کی حالت میں پانی سے نکالاتاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ہلاک شدگان میں ایک او ٹی ٹیکنیشن کا کورس کرنے والا امریکن کوارٹر کا رہائشی 21 سالہ رضوان ولد عبدالوحید تھا جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پکنک منانے گیا تھا اور نہاتے ہوئے ڈوب گیا ۔

مقامی نجی اسپتال کے ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی جبکہ دوسرا متوفی نوجوان انصاری محلے کا 18 سالہ عدنان تھا جس کی میت سول اسپتال لائی گئی ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی اپنے خالق حقیقی سے جا ملا تھا۔ دونوں نوجوانوں کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں میتیں گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔