بلوچستان میں چین یا پنجاب کی سرمایہ کاری منظور نہیں طلال بگٹی

صوبے میں آپریشن بدستور جاری ہے ،وزیراعظم وعدے پورے کریں،سربراہ جے ڈبلیو پی

موجودہ حکومت کے قیام سے لے کر آج تک بلوچ عوام کو ریلیف نہیں ملا۔ فوٹو: فائل

لاہور:
جمہوری وطن پارٹی ( جے ڈبلیو پی) کے سربراہ نواب زادہ طلال اکبر بگٹی نے کہا ہے کہ عوام کو حقوق دیے بغیر امن کا قیام اور ترقی ممکن نہیں۔

بلوچستان میں چین یا پنجاب کی جانب سے پاور پروجیکٹس میں سرمایہ کاری عوام کو منظور نہیں، بلوچ عوام کو ساحل اور وسائل پر دسترس دینے میں جتنی تاخیر کی جائے گی اتنی ہی آزادی کی تحریکیں زور پکڑیں گی۔ انھوں نے کہا کہ زور آور قوتوں نے بلوچستان میں اپنے قبضے کو برقرار رکھنے کیلیے حالیہ الیکشن میں ایک بار پھر من پسند لوگوں پر مشتمل حکومت تشکیل دے کر وفاق کی بنیاد کو کمزور کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جس کے نتائج جلد آنا شروع ہو جائیں گے۔




صوبے میں آپریشن بدستور جاری ہے، موجودہ حکومت کے قیام سے لے کر آج تک بلوچ عوام کو ریلیف نہیں ملا، ن لیگ ہماری اتحادی جماعت ہے اور نہ صرف ہمیں بلکہ بلوچستان کے عوام کو میاں صاحب سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، وزیراعظم نواز شریف نے دور اپوزیشن میں بلوچستانی عوام سے بہت سے وعدے کیے تھے امید ہے کہ میاں صاحب ان وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے ملک کے وجود کو برقرار رکھنے کیلیے بلوچستان کے عوام کے حقوق کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
Load Next Story