شام میں خود کش کار بمبار حملے میں 20 افراد ہلاک

خود کش دھماکا سیریئن ڈیموکریٹک فورس پر اس وقت کیا گیا جب وہ شہریوں کو داعش کے علاقے سے محفوظ مقام پر منتقل کررہے تھے

داعش نے خودکش کار بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ فوٹو : فائل

شام میں سیریئن ڈیموکریٹک فورس کے قافلے پر خود کش کار بم حملے میں 20 کرد جنگجو ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی حمایت یافتہ سیریئن ڈیموکریٹک فورس کے ایک قافلے پر خود کش حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری گاڑی دھماکے سے ٹکرادی جس کے نتیجے میں 20 کرد جنگجو ہلاک ہوگئے۔

دھماکا اس وقت کیا گیا جب سیریئن ڈیموکریٹک فورس کا ایک قافلہ داعش کے زیر تسلط آخری ٹھکانے باغوز سے شہریوں کو منتقل کر رہا تھا تاکہ داعش کے خلاف حتمی اور فیصلہ کن کارروائی کی جا سکے۔


خود کش حملے میں ہلاک ہونے والوں میں سے زیادہ تر کا تعلق کرد باغیوں سے ہے جنہوں نے داعش کی خلافت کے اعلان کے بعد امریکی حمایت یافتہ مسلح گروہ میں شمولیت اختیار کی تھی اور تب سے داعش کے خلاف برسرپیکار ہیں۔

حملے میں عام شہریوں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم اس حوالے سے متضاد اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ امکان ہے کہ 20 ہلاکتوں میں سے 6 شہریوں کی ہیں۔

 
Load Next Story