عالمی اور مقامی مارکیٹ میں کپاس کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان

دنیا بھر میں روئی کے اینڈنگ اسٹاکس پہلے تخمینوں کے مقابلے میں1.31ملین میٹرک ٹن زائد ہیں۔

کراچی میں روئی کے اسپاٹ ریٹ 50روپے فی من اضافے کے بعد 6ہزار 550روپے فی من تک پہنچ گئے،احسان الحق کی ایکسپریس سے گفتگو فوٹو: فائل

ملک بھر کے کاٹن زونز میں ہونے والی بارشوں کے باعث پھٹی کی آمد میں غیر معمولی کمی اور عید الفطر کی تعطیلات کے باعث جننگ فیکٹریوں میں رواںہفتے کے دوران جینگ آپریشن معطل ہونے کے باعث ٹیکسٹائل ملز کی جانب سے روئی خریداری رجحان میں اضافے کے باعث پاکستان میں جبکہ چین کی جانب سے 2013-14ء کے دوران روئی کے نیشنل ریزورز 15ملین ٹن قائم کرنے کی اطلاعات کے باعث گزشتہ ہفتے کے دوران بین الاقوامی منڈیوں میں بھی روئی کی قیمتوں میں قدرے تیزی کا رجحان غالب رہا اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ پاکستان میں متوقع ریکارڈ بارشوں کے باعث روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان عید الفطر کے بعد بھی جاری رہے گا۔

پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے سابق ایگزیکٹو ممبر احسان الحق نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ انٹر نیشنل کاٹن ایڈوئزری کمیٹی (آئی سی اے سی)کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق 2013-14ء کے دوران چین نے روئی کے نیشنل ریزروز 10ملین ٹن سے بڑھا کر 15ملین ٹن تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جس سے توقع ہے کہ چین اپنی ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے دیگر ممالک سے بڑی مقدار میں روئی درآمد کرے گا جس سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں 2013-14ء کے دوران روئی کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان غالب رہ سکتا ہے تاہم آئی سی اے سی کی رپورٹ کے مطابق 2013-14ء کے دوران دنیا بھر میں کپاس کی پیداوار 25.6ملین ٹن ہونے کی توقع ہے جو پہلے تخمینوں کے مقابلے میں 6لاکھ 30ہزار ٹن زائد جبکہ کھپت 24ملین میٹرک ٹن متوقع ہے جو پہلے تخمینوں کے مقابلے میں 3لاکھ 30ہزار میٹرک ٹن کم ہے رپورٹ کے مطابق دنیا بھر 2013-14ء کے دوران روئی کے اینڈنگ اسٹاکس 19.8ملین ٹن رہنے کے امکانات ہیں جو پہلے تخمینوں کے مقابلے میں 1.31ملین میٹرک ٹن زائد ہیں۔




انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان میں روئی کی قیمتیں جو 6ہزار 500روپے فی من تک گر گئیں تھیں وہ دوبارہ 6ہزار 700روپے فی من تک پہنچ گئیں جبکہ موخر ادائیگی پر روئی کی سودے 6ہزار 800روپے فی من تک ہونے کی اطلاعات بھی آ رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران نیو یارک کاٹن ایکس چینج میں حاضر ڈلیوری روئی کے سودے 2.30سینٹ فی پاؤنڈ کمی کے بعد 91.15سینٹ ،اکتوبر ڈیلیوری روئی کے سودے 0.05سینٹ فی پاؤنڈ کمی کے بعد 85.32سینٹ تک ،چائنہ میں ستمبر ڈیلیوری روئی کے سودے 225یو آن فی ٹن کمی کے بعد 42ہزار 500یو آن فی ٹن تک گر گئے جبکہ بھارت میں روئی کی قیمتیں ریکارڈ 675روپے فی کینڈی اضافے کے بعد 42ہزار 500روپے فی کینڈی تک پہنچ گئے اور کراچی کاٹن ایسوسی ایشن میں بھی گزشتہ ہفتے کے دوران روئی کے اسپاٹ ریٹ 50روپے فی من اضافے کے بعد 6ہزار 550روپے فی من تک پہنچ گئے۔
Load Next Story