حب کینال میں شگاف پڑگیا کراچی کو پانی کی فراہمی بند

برساتی پانی کے ریلے نے حب کینال کے مقام آرڈی 572میں شگاف پیدا کردیا جس سے کروڑوں گیلن پانی ضائع ہوگیا۔


Staff Reporter August 04, 2013
متاثرہ علاقوں بلدیہ، اورنگی، سرجانی اور سائٹ کے علاقوں کو دریائے سندھ سے 7کروڑ گیلن پانی کی فراہمی کا بندوبست بھی کرلیا گیا ہے۔ فوٹو : فائل

ہفتے کو موسلادھار بارش سے حب کینال میں شگاف پڑگیا ہے، شگاف کی مرمت کا آغاز کردیا گیا ہے تاہم کراچی کو حب ڈیم سے10کروڑ گیلن روزانہ پانی کی فراہمی روک دی گئی ہے جس سے شہرکے بیشتر علاقوں میں پانی کی قلت رہے گی۔

ہفتے کو کراچی میں موسلا دھار بارش ہوئی ، سب سے زیادہ بارش نیوکراچی ، سرجانی اور ملحقہ پہاڑی علاقے میں ہوئی جہاں بارش 126ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، پہاڑی علاقے سے برساتی پانی کے ریلے نے حب کینال کے مقام آرڈی 572میں 60 فٹ کا شگاف پیدا کردیا جس سے حب ڈیم سے فراہم ہونے والا کروڑوں گیلن پانی ضائع ہوگیا۔



واٹر بورڈ کے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل افتخار احمد نے بتایا کہ حب ڈیم سے پانی کی فراہمی روک دی گئی ہے تاکہ شکاف کی مرمت کی جاسکے، انھوں نے بتایا کہ واٹر بورڈ کی انتظامیہ نے شگاف کی مرمت کا آغاز کردیا ہے جو 36گھنٹوں میں مکمل کرلی جائیگی، اس دوران متاثرہ علاقوں بلدیہ، اورنگی، سرجانی اور سائٹ کے علاقوں کو دریائے سندھ سے 7کروڑ گیلن پانی کی فراہمی کا بندوبست بھی کرلیا گیا ہے۔

مقبول خبریں