ہم کسی پر سبقت کے لیے فلمزنہیں بناتے،اکشے کمار

اشرف میمن  پير 12 اگست 2013
فلم انڈسٹری میں ہم ایک ہیں ،ہمیں تقسیم نہ کریں، اکشے کمار فوٹو : فائل

فلم انڈسٹری میں ہم ایک ہیں ،ہمیں تقسیم نہ کریں، اکشے کمار فوٹو : فائل

بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار اکشے کمار کا کہنا ہے کہ ہم فلمیں انڈسٹری میں کسی پر فوقیت کے لیے نہیں بلکہ اپنے مداحوں کے لیے بناتے ہیں۔

اور نہ ہی ہمارا مقصد کسی اداکار کو نیچا دکھانا ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں فلم ’’ونس اپون اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ‘‘ کے تیسرے پرومو کی لانچنگ کے موقع پرمیڈیا کے نمائندوں سے گفت گو میں کیا۔ فلم پندرہ اگست کو سینیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فلمی صنعت میں ہم سب ایک ہیں ہمیں تقسیم نہ کریں۔ انڈسٹری سے وابستہ ہم سب لوگ اپنی فلمیں بہت محنت اور محبت سے بناتے ہیں اور ہمارا اولین مقصد اپنے مداحوں اور ناظرین کوخوش کرنا ہے۔

اکشے کا کہنا تھا کہ میں صرف اپنے کام پر توجہ دیتا ہو اور میرا مقصد صرف اور صرف اپنے کام میں زیادہ سے زیادہ بہتری لانا ہوتا ہے، میں کمپنی ٹیشن اور نمبر گیم پر یقین نہیں رکھتا۔ فلم ’’ونس اپون اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ‘‘ میں میرا کردار ایک انڈر ورلڈ ڈان کا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں نے جب ان سے پوچھا کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ ایک ولن کی حیثیت سے آپ کو یاد رکھا جائے تواکشے کا کہنا تھا فلم میں اپنے ولن کے کردار پر میں نے بہت محنت کی ہے اور مجھے اس کردار سے محبت ہوگئی ہے لیکن فلم کی ریلیز تک کچھ بھی کہنا بعید از قیاس ہے کیوں کہ ہم نہیں جانتے کہ ریلیز کے بعد کیا ہوگا یا ناظرین فلم میں میرے ولن کے کردار کو کتنا پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’’میرے خیال میں لڑکیاں بھی برے لڑکوں کو پسند کرتی ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ میں ایڈٹ ٹیبل پر اپنا ایک نیا پرومو بنوانے کے پروڈیوسر پر اپنی ساری ’’پاور‘‘ استعمال کرتا ہوں۔ ونس اپون اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ‘‘ کی ہیروئین سوناکشی سنہا کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’’جوکر‘‘ اور ’’راؤڈی راٹھور‘‘ کے بعد یہ دبنگ ہیروئین کے ساتھ تیسری فلم ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کی اداکارای اچھی سے اچھی ہوتی جا رہی ہے۔ میں رنویر سنگھ کے ساتھ فلم’’لٹیرا‘‘ میں اس کی پرفارمنس سے بہت متاثر ہوں اورمجھے اس بات کا بھی یقین ہے کہ اس بار سارے ایوارڈ وہ ہی سمیٹ کر لے جائے گی۔

جب کہ تقریب میں موجود سوناکشی کا کہناتھا کہ فلم میں اکشے کمار اور عمران خان دونوں کے ساتھ کام کر کے بہت مزہ آیااور ان دونوں نے بھی فلم میں میرے ساتھ غنڈہ گردی کو انجوئے کیا۔ ونس اپون اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ کی پروڈیوسر ایکتا کپورنے میڈیا کو بتایاکہ فلم کی کامیابی کے لیے وہ جلد ہی فلم کی پوری کاسٹ کے ساتھ درگاہ اجمیر شریف جائیں گی۔ بالاجی موشن پکچرز کے سی ای او تنوج گرگ کا کہنا ہے کہ دہلی، یوپی اور پنجاب کی مارکیٹ شمال کے با اثر ڈسڑی بیوٹربھرت شاہ اور انیل اگروال کو فروخت کردی گئی ہے۔ جب کہ ذرائع کا کہنا ہے فلم کے حقوق پندرہ سے اٹھارہ کروڑ روپے میں فروخت کیے گئے ہیں۔

رواں ماہ بھارتی فلم سازوں کے لیے بہت اہم ہے کیوں کہ گزشتہ ہفتے شاہ رخ خان کی فلم ’’چنائے ایکسپریس‘‘ریلیز کی گئی ہیں جب کہ تئیس اگست کو جان ابراہام کی’’مدراس کیفے‘‘ اور پرکاش جھا کی ملٹی اسٹارفلم ’’ستیا گڑھ‘‘ تیس اگست کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔