ایئرلائنزکوجدیدایئرپورٹ انفرااسٹرکچر بہترکیاجائےہارون اگر

ایئر ٹرانسپورٹ کو کاروبار اور تجارت کے لیے انتہائی ہے، ہارون اگر

ایئر ٹریولنگ میں اضافے کے ساتھ ہی ہر آنے والے دن میں ایئر ٹرانسپورٹ کی اہمیت بڑھتی جارہی ہے ۔ فوٹو: فائل

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد ہارون اگر نے ایئر ٹرانسپورٹ کو کاروبار اور تجارت کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایئر ٹریولنگ میں اضافے کے ساتھ ہی ہر آنے والے دن میں ایئر ٹرانسپورٹ کی اہمیت بڑھتی جارہی ہے، پاکستان کی تاجر برادری کومشرقی اور مغربی ممالک کے لیے مناسب اور کم وقت میں معیاری ایئر ٹرانسپورٹ اور کارگو سہولتوں کی اشد ضرورت ہے۔

یہ بات انہوں نے اتحاد ایئرویز کے پاکستان میں ایریاجنرل منیجر عامر خان کے کراچی چیمبرآف کامرس کے دورے کے موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔ محمد ہارون اگر نے کہاکہ اقتصادی خوشحالی میں شراکت داری کے لیے ایوی ایشن کی اپ گریڈیشن، قومی ایئر لائنز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اورکراچی، لاہور، اسلام آباد میں ایئرپورٹ انفرااسٹرکچر کو مزید بہتر بناتے ہوئے سیاحت کی صنعت سمیت کاروبار و تجارت کو فروغ دینے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں مدد دینے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے بامعنی ایوی ایشن پالیسی متعارف کرانے اور قومی ایئر لائنزکو اس کے اصل مقام تک لے جانے کی اہمت کو بھی اجاگر کیا۔




ہارون اگر نے متحدہ عرب امارات کی قومی ایئرلائن سمیت مشرق وسطیٰ کے لیے اتحاد ایئرویز کی جانب سے تاجربرادری کو بہتر سفری سہولتوں کی فراہمی کو بھی سراہا۔ اس موقع پراتحاد ایئرویز کے پاکستان میں ایریا جنرل منیجر عامر خان نے کے سی سی آئی کے صدر کے تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ ان کے دورے کا مقصدکراچی چیمبر آف کامرس کے ممبران کے لیے خصوصی بزنس کنیکٹ پیکیج سے آگاہ کرنا تھا جس کے تحت کے سی سی آئی کے ممبران تیزرفتار سفری سہولتوں کے علاوہ ریوارڈ سے بھی مستفید ہو سکیں گے۔

اتحاد ایئرویز پاکستان میں سی ایس آر پروگرا م کے تحت متعدد فلاحی منصوبوں میں خدمات فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی مسافروں کو ایئر لائن کی جانب سے براستہ ابوظہبی کئی ممالک کے لیے کارگو سہولت کے ساتھ معیاری سفری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، ایئر لائنز کراچی سے ابوظہبی سمیت مختلف ممالک کے لیے یومیہ بنیاد پر فضائی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس موقع پر کراچی چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر شمیم احمد فرپور، نائب صدر ناصر محمود اور منیجنگ کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔
Load Next Story