تھر پاور پلانٹ کا افتتاح ایک بریک تھرو

کالے سونے سے بجلی کی پیداوار اہم سنگ میل ہے، پاکستان پیپلزپارٹی نے اچھاکام کیا ہے، ویل ڈن ۔

کالے سونے سے بجلی کی پیداوار اہم سنگ میل ہے، پاکستان پیپلزپارٹی نے اچھاکام کیا ہے، ویل ڈن ۔ فوٹو: ایکسپریس

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تھر بلاک ٹو میں کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ تھرکول بجلی گھر منصوبہ گڈگورننس اور میگا پراجیکٹ کی مثال ہے، یہ ہوتی ہے ترقی، یہ ہے نیا پاکستان۔

بلاشبہ ملک گزشتہ ایک دہائی سے توانائی کے شدید ترین بحران کا شکار ہے۔ایسے میں کوئلے سے بجلی کی پیداوار شروع ہونے کی خبرکو مژدہ جانفزا قرار دیا جاسکتا ہے۔ ابتدائی طور پر دونوں پلانٹ سے 100، 100میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی، تھرکول پاور پلانٹس سے 660 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی، جو رواں سال جون کے آخری ہفتوں میں کمرشل بنیادوں پر فراہم کردی جائے گی۔


یادش بخیر1994میں شہید بے نظیر بھٹو اور عبداللہ شاہ نے اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا، لیکن اس منصوبے پر عملدرآمد میں تاخیر ہوئی، سابق صدر مشرف اپنے دس سالہ دور حکومت میں ایک میگاواٹ بجلی پیدا نہیں کی اور اس منصوبے کو نظراندازکیے رکھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے تھر میں این ای ڈی یونیورسٹی کا کیمپس بنانے، اسلام کوٹ اور تھرکے لوگوں کے بجلی کے بل سندھ حکومت کی جانب سے ادا کرنے ، اسکولوں اور اسپتالوں کو بہتر بنانے کا بھی اعلان کیا، جب کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا کہ کوئلے سے بجلی بنانا ایٹم بم بنانے سے کم نہیں ۔ بلاشبہ تھر میں پیدا ہونے والی بجلی سے علاقہ میں ترقی کے ایک نئے دورکا آغاز ہوگا اور بجلی کی ضروریات پوری ہونگی۔کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی پر پہلاحق مقامی لوگوں کا ہے، جو ان کو ملنا چاہیے ۔

تھرکول پاکستان کا سب سے بڑا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پروگرام ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ حکومت اگرخلوص دل سے کام کرے تو نجی شعبہ اس کی ہر طرح مدد کرنے کو تیار ہے ۔ تھر ایک غریب اور پسماندہ علاقہ ہے، جہاں کے باسیوں کے لاتعداد مسائل ہیں۔ تھر پارکر میں صحت خوراک اور صاف پانی کے حوالے سے کام کرنے کی بہت زیادہ ضرورت ہے، وہاں سے بھوکے بد حال بچوںکی جو تصویریں سامنے آتی ہیں ویسی پاکستان کے کسی علاقے سے نہیں آتیں، اب تھر میں ترقی کا نیا دور شروع ہونا چاہیے۔ یہ منصوبہ آگے بڑھا تو ہم توانائی میں خود کفیل ہوجائیں گے۔کالے سونے سے بجلی کی پیداوار اہم سنگ میل ہے، پاکستان پیپلزپارٹی نے اچھاکام کیا ہے، ویل ڈن ۔
Load Next Story