بوگس چیک دینے پرچینی باشندے کو 2برس قیدوجرمانہ

کاروباری شراکت دار کومجرم نے50لاکھ ڈالرکامقامی بینک کا بوگس چیک دیا تھا

مجرم کو جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 2ماہ جیل میں رہنا ہوگا. فوٹو: فائل

عدالت نے چینی باشندے کو بوگس چیک دینے کے الزام میں 2برس قید و جرمانے کی سزا سناکر جیل بھیج دیا۔

تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی ممتاز علی سولنگی نے بوگس چیک دینے کے الزام میں چینی باشندے کیم چونگ بے کو جرم ثابت ہونے پر 2برس قید اور 30ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی، مجرم کو جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 2ماہ جیل میں رہنا ہوگا، مجرم ضمانت پر تھا، فاضل عدالت نے مجرم کی ضمانت منسوخ کرکے جیل بھیج دیا ، استغاثہ کے مطابق ملزم اور مدعی مقدمہ کیم چونگ بے کاروباری شراکت دار تھے کاروباری مد میں 50لاکھ ڈالر کی ادائیگی کیلیے مجرم نے مقامی بینک کا بوگس چیک دیا تھا جو کہ باؤنس ہوگیا تھا ۔




مدعی نے تھانہ بوٹ بیسن میں مقدمہ درج کرایا تھا ، مجرم نے ضمانت منظور کرالی تھی تاہم گواہوں نے اپنے بیانات میں استغاثہ کی مدد کی اور جرم ثابت ہونے پر فاضل عدالت نے سزا سنائی، دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر محمد یامین نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث مجرم بابر مغل کو جرم ثابت ہونے پر 3برس قید اور 5ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے مجرم کو جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید2 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔

استغاثہ کے مطابق 2جون کو مدعی حیدر علی اپنے دوست ڈاکٹر محب اﷲ کے ہمراہ منزل پٹرول پمپ کے قریب واقع ظفر ٹاؤن کے علاقے میں نصب اے ٹی ایم مشین سے 25ہزار روپے نکلوائے تھے، اسی اثنا میں ملزم اپنے مفرور ساتھی نبیل احمد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر آیا اور مدعی سے 9ہزار اور ڈاکٹرمحب اﷲ سے اے ٹی ایم نکلوائی ہوئی رقم 25ہزار روپے چھین کر فرار ہورہے تھے کہ شور مچانے پر تھانہ شاہ لطیف کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے جنھوں نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
Load Next Story