12 مئی کو فرد واحد کی وجہ سے ملک انتشار کا شکار ہوا شہباز شریف

آج کے دن ہم ان تمام بے گناہوں اور معصوم شہریوں اور سیاسی کارکنوں کو یاد کرتے ہیں جو ناحق شہید کردئیے گئے، شہباز شریف

آج کے دن ہم ان تمام بے گناہوں اور معصوم شہریوں اور سیاسی کارکنوں کو یاد کرتے ہیں جو ناحق شہید کردئیے گئے، شہباز شریف، فوٹو: فائل

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ 12 مئی 2007 پاکستان کی تاریخ کا ایک انتہائی بدقسمت اور سیاہ دن تھا جس دن فرد واحد کی وجہ سے ملک انتشار کا شکار ہوا۔

مسلم لیگ(ن) کے صدرمیاں شہباز شریف نے سانحہ بارہ مئی کے متاثرین سے اظہار یک جہتی کرتے ہوئے بیان میں کہا ہے کہ یہ دن ہمارے لئے باعث عبرت اور سبق آموزہے کہ ہم جمہوریت کے ذریعے ہی آگے بڑھ سکتے ہیں، ضد، انا اور تکبر نے ہمیشہ نقصان پہنچایا ،آمریت اور فرد واحد کی خواہش نے ہمیشہ ملک اور قومی مفادات کو نقصان پہنچایا۔


شہباز شریف نے کہا کہ پورے ملک اور اس کے امن کو ایک شخص کی ضد کی بھینٹ چڑھا دیاگیا تھا ،آج کے دن ہم ان تمام بے گناہوں اور معصوم شہریوں اور سیاسی کارکنوں کو یاد کرتے ہیں جو ناحق شہید کردئیے گئے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ بارہ مئی اور اس سے پہلے اور بعد میں میڈیا نے اپنی تاریخ کا ایک مشکل کردارادا کیا جو ناقابل فراموش ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم نفرتیں ختم کریں اور سیاسی ہم آہنگی اور اتفاق رائے کی طرف بڑھیں۔
Load Next Story