کراچی میں بھتہ خوروں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن تیز کیا جائے صدر زرداری

ملک کے معاشی اور تجارتی مرکزمیں امن اولین ترجیح ہونی چاہیے،وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت

کراچی:صدر زرداری کی زیر صدارت سندھ میں سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس ہورہا ہے ۔ فوٹو : آئی این پی

UNITED NATIONS:
صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں امن وامان کے حوالے سے کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

حکومت سندھ کراچی میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مربوط اقدامات کرے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت ترین اور بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ کراچی میں بھتہ خوروں ، ٹارگٹ کلرز اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشن کو تیز کیا جائے۔وہ بدھ کو صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاؤس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے صدر مملکت کو کراچی میں امن و امان کی صورتحال سمیت دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی ۔




صدر نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی اور تجارتی حب ہے اور یہاں قیام امن صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔ صدر نے وزیر اعلیٰ کو ہدایت کی کہ کراچی میں مستقل بنیادوں پر قیام امن کے لیے سیاسی قوتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے اور تمام سیاسی قوتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مشاورت کرکے ایک جامع پالیسی ترتیب دی جائے ۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت مشترکہ طور پر رابطے کے نظام کو مربوط کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جائے۔

Recommended Stories

Load Next Story