معروف عالم دین علامہ عباس کمیلی سپرد خاک

علامہ عباس کُمیلی کو ایک روز پہلے ہی طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، ترجمان جعفریہ الائنس پاکستان

علامہ عباس کمیلی شوگر، بلڈ پریشر اور عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔ فوٹو:فائل

معروف عالمِ دین اور جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کُمیلی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے انہیں علی باغ قبرستان چاکیواڑہ میں سپردخاک کر دیا گیا۔


جعفریہ الائنس کے مطابق عباس کُمیلی کی عمر 88 برس تھی اور وہ شوگر، بلڈ پریشر اور عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔ محفل شاہ خراسان میں ہونے والی نمازہ جنازہ میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، فردوس شمیم نقوی، وسیم اختر، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفی کمال، وقار مہدی، راشد ربانی، مرزا یوسف حسین ،علامہ باقر زیدی، علی حسین نقوی، علامہ رضا سعیدی، علامہ نقی حیدری، یعقوب حسینی، صادق جعفری، مبشر حسن، علامہ ناظر تقوی اور دیگر نے شرکت کی۔

ترجمان جعفریہ الائنس پاکستان کے مطابق علامہ عباس کُمیلی کو ایک روز پہلے ہی طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکے اور فاطمیہ اسپتال نمائش چورنگی میں انتقال کرگئے۔ علامی عباس کمیلی جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ بھی تھے جب کہ متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر بھی رہ چکے ہیں۔
Load Next Story