ہاکی ایشیا کپ فیصلہ کن معرکے میں کوریا اور بھارت کا سامنا

کوریاپہلے ہی ورلڈ کپ میں جگہ بنا چکا،کامیابی کی صورت میں بلو شرٹس بھی براہ راست ورلڈ کپ میں نشست حاصل کرسکتے ہیں۔

آج فتح بلو شرٹس کو ورلڈکپ کھیلنے کا حقداربنا دے گی،پاکستان تیسری پوزیشن کیلیے ملائیشیا سے مقابلہ کرے گا۔ فوٹو: فائل

ایشیا کپ ہاکی میں اتوار کو پاکستان تیسری پوزیشن کیلیے ملائیشیا سے مقابلہ کرے گا، فیصلہ کن معرکے میں جنوبی کوریا اور بھارت کا سامنا ہوگا۔

کورین ٹیم پہلے ہی ورلڈ کپ میں جگہ بنا چکی،کامیابی کی صورت میں بلو شرٹس بھی براہ راست میگا ایونٹ میں نشست حاصل کرسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آٹھویں مینز ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوچکی، یوں پہلی بار اسے ورلڈکپ سے بھی باہر ہونا پڑا، اب اتوار کو تیسری پوزیشن کے لیے میزبان ملائیشیا سے مقابلہ ہوگا، گروپ مرحلے میں ٹیم میزبان سائیڈ کو4-1 سے مات دے چکی،جمعے کو سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کے ہاتھوں2-1 کی شکست سے پاکستانی ہاکی کیلیے سیاہ دن ثابت ہوئی تھی، اس ناکامی کے ساتھ گذشتہ42 برسوں میں پہلی مرتبہ پاکستان ورلڈ کپ میں شرکت سے محروم ہوگیا، جنوبی کورین ٹیم پہلے ہی آئندہ برس نیدرلینڈز میں شیڈول میگا ایونٹ میں رسائی کا پروانہ حاصل کرچکی ہے۔




بھارت کے پاس فائنل جیت کر براہ راست ورلڈ کپ میں جانے کا موقع موجود ہو گا، ناکامی کی صورت میں اسے نومبر میں اوشیانا کپ کے انعقاد تک انتظار کرنا پڑے گا، جس میں نیوزی لینڈ یا آسٹریلیا کی فتح بھی اسے ریزرو چوتھی نشست کا حقدار بنا دے گی،ایشیا کپ کے اختتام پر ملائیشیا بھی تیسری ریزرو سیٹ لے کر ورلڈ کپ ٹیموں میں شامل ہوجائے گا، سردار سنگھ کی زیرقیادت ایشیا کپ میں حصہ لینے والی بھارتی ٹیم نومبر تک انتظار کرنے کے بجائے ایشیا کپ جیت کر براہ راست ورلڈ کپ میں جانے کیلیے پُرعزم ہے، اس سے قبل بلو شرٹس نے2009 میں منعقدہ ایشیا کپ میں ساتویں پوزیشن کے ساتھ اختتام کیا تھا،2 مرتبہ کی چیمپئن ٹیم نے آخری مرتبہ ایشیا کپ 2007میں ہوم گرائونڈ چنئی میں جیتا تھا، گروپ مرحلے میں جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دینے کی وجہ سے بھی بھارتی ٹیم فائنل میں زیادہ پُراعتماد ہوگی، ایونٹ میں اب تک وہ ناقابل شکست ہے۔ دریں اثنا ہفتے کو کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے چائنیز تائپے کو13-0 سے مات دیکر ساتویں پوزیشن حاصل کرلی۔جاپان نے اومان کو 3-1سے ہراکر پانچویں پوزیشن اپنے نام کرلی۔
Load Next Story