مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا اہلکار سرکاری رائفل سے گولی چل جانے پر ہلاک

2017 سے تاحال خودکشی اور دیگر حادثات میں ہلاک ہونے والے بھارتی فوج کے اہلکاروں کی تعداد 429 ہوگئی ہے

سپاہی ترن کمار اپنی سرکاری رائفل صاف کرتے ہوئے گولی چل جانے سے ہلاک ہوا۔ فوٹو : فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ایک اور اہلکار اپنی سرکاری رائفل کو صاف کرتے ہوئے گولی چل جانے سے ہلاک ہوگیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع گندربال کے علاقے سفاپورہ میں واقع بھارتی فوج کے ہیڈ کوارٹر میں تعینات ترن کمار اپنی سرکاری رائفل کو صاف کر رہا تھا کہ غلطی سے گولی چل جانے کے باعث شدید زخمی ہوگیا۔

زخمی سپاہی کو ساتھیوں نے ملٹری اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے سپاہی ترن کمار نے دم توڑ دیا۔ سپاہی کی لاش ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے روانہ کردی گئی ہے۔


یہ خبر بھی پڑھیں : مقبوضہ کشمیر میں ایک ہفتے کے دوران بھارتی فوج کے کرنل سمیت 3 اہلکاروں کی خود کشی

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے اہلکاروں کے خودکشی کرنے اور آپس کے جھگڑوں میں ہلاک ہونے کے واقعات عام ہیں، بھارتی وزارت دفاع نے بھی 2014 میں ایک سروے جاری کیا تھا جس میں ہر تیسرے دن ایک بھارتی فوجی کے خود کشی کرنے کا انکشاف کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی پست ہمتی اور ذہنی دباؤ کے باعث خودکشی اور معمولی جھگڑے پر ساتھی اہلکاروں کو قتل کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، 2017 سے تاحال 429 اہلکار خودکشی اور آپس کے جھگڑے میں ہلاک ہوئے۔
Load Next Story