توقعات کا بوجھ ، بھارتی ٹیم دباؤ میں ہوگی، ثقلین مشتاق

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 16 جون 2019
ثقلین مشتاق کا www.cricketpakistan.com.pk کو خصوصی انٹرویو۔ فوٹو: فائل

ثقلین مشتاق کا www.cricketpakistan.com.pk کو خصوصی انٹرویو۔ فوٹو: فائل

لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ توقعات کے بوجھ کی وجہ سے بھارتی ٹیم دباؤ میں ہوگی۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کے پروگرام  ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہا کہ پاکستانی ہونے کے ناطے آج مانچسٹر میں کھیلے جانے والے میچ میں گرین شرٹس کو ہی فاتح دیکھنا چاہتا ہوں لیکن دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا موازنہ کیا جائے تو بھارت فیورٹ ہے، ویرات کوہلی کو اچھے بیٹسمینوں، میچ فنشر، اسپنرز اور پیسرز کی خدمات میسر ہیں، دوسری جانب توقعات کا بوجھ ہونے کی وجہ سے دباؤ بھی بھارتی ٹیم پر ہی ہوگا، پاکستان کو اپنے حواس قابو میں رکھتے ہوئے بے خوف اور جارحانہ کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ شاداب خان ایک اچھے بولر لیکن وکٹیں لینے سے زیادہ رنز روکنے پر توجہ دیتے ہیں، مزید ٹیسٹ کرکٹ کھیل کر انھیں حریفوں کو جال میں پھنسانے کا ہنر سیکھنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ کرکٹرز کو ذہنی طور پر آسودہ رکھنے کیلیے فیملیز کو ساتھ سفر کرنے کی اجازت ہونا چاہیے۔

ثقلین مشتاق نے کہا کہ نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیموں کے ساتھ کام کر چکا اور کوچنگ کا خاصا تجربہ حاصل ہو گیا ہے، تاہم دل پاکستان کیلیے ہی دھڑکتا ہے، اگر موقع دیا جائے تو پاکستانی اسپنرز کی مدد کرکے بڑی خوشی ہوگی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔