برطانیہ کے ایف35 اسٹیلتھ جنگی طیاروں کی داعش کے خلاف تربیتی مشقیں

بے آواز عمودی لینڈنگ کرنے والے طیارے کی مالیت 10 کروڑ پاؤنڈ ہے جو برطانیہ کی سربراہی میں آپریشن شیڈر میں حصہ لیں گے

ایف-35 جنگی طیاروں نے شام و عراق میں داعش جنگجوؤں کے خلاف تربیتی مشن میں حصہ لیا (فوٹو : فائل)

برطانیہ کے نئے اسٹیلتھ جنگی طیارے ایف-35 بی لائٹننگ دوم نے داعش کے خلاف جنگ میں حصہ لینے کے لیے تربیتی مشن کے دوران اپنی پہلے عملی پرواز کی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بغیر آواز پیدا کیے اور رازدارانہ انداز سے دشمن پر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے برطانوی اسٹیلتھ جنگی طیاروں F-35 نے داعش جنگجوؤں کے خلاف شام اور عراق میں فضائی کارروائی کے لیے تربیتی مشن میں حصہ لے کر اپنی پہلے عملی مشن کا آغاز کردیا۔


برطانوی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جزیرہ قبرص میں ایف-35 جنگی طیاروں نے 95 پروازیں کیں جبکہ فارمیشن میں 225 گھنٹوں تک کامیابی سے پرواز کی ہے، یہ مشقیں شام و عراق میں داعش کے خلاف 'آپریشن شیڈر' کے سلسلے میں کی گئیں جس کی قیادت برطانیہ نے کی۔

طیاروں کی کامیاب پرواز سے مسرور برطانوی وزیر دفاع پینی مورڈونٹ نے تربیتی مشقوں میں ایف-35 کے عملی مظاہروں کو تاریخی لمحہ قرار دیا جبکہ برطانوی رائل ايئر فورس نے ان مشقوں کو بطور خاص عمدہ کہا اور پائلٹس کو مبارک باد دی۔

واضح رہے کہ برطانیہ کے پاس ایف-35 کے 17 طیارے موجود ہیں اور فی طیارہ قیمت 10 کروڑ پاؤنڈ ہے جو عمودی لینڈنگ بھی کرسکتا ہے اور اس میں ریڈار سے بچ نکلنے کی ٹیکنالوجی بھی موجود ہوتی ہے اور اس کی رفتار آواز کی رفتار سے زیادہ ہے۔
Load Next Story