روہت شرما متنازع فیصلے پر ناخوش، شائق نے امپائر کا وکی پیڈیا پیج ہی بدل دیا

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 29 جون 2019
روہت شرما کو روئچ کی گیند پر وکٹ کیپر شائی ہوپ کے ہاتھوں کیچ قرار دیا گیا تھا۔ فوٹو: فائل

روہت شرما کو روئچ کی گیند پر وکٹ کیپر شائی ہوپ کے ہاتھوں کیچ قرار دیا گیا تھا۔ فوٹو: فائل

مانچسٹر: بھارتی اوپنر روہت شرما کو متنازع انداز میں آئوٹ قرار دیے جانے پر کسی شائق کرکٹ نے تھرڈ امپائر کی ذمہ داری نبھانے والے ڈیرن گف کے وکی پیڈیا صفحے میں ردوبدل کردیا۔

روہت شرما کو روئچ کی گیند پر وکٹ کیپر شائی ہوپ کے ہاتھوں کیچ قرار دیا گیا تھا، ابتدا میں فیلڈ امپائر نے انھیں ناٹ آئوٹ کہا تاہم ویسٹ انڈیز کے ریویو لینے پر تھرڈ امپائر گف نے فیصلہ تبدیل کردیا، اس پر ماہرین کرکٹ اور شائقین نے بھی حیرت کا اظہار کیا تھا۔

ناراض پرستارنے گف کے وکی پیڈیا صفحے پر درج کیا کہ ’’وہ انگلش امپائر ہونے کی وجہ سے متعصب ہیں اور انھوں نے بھارت کیخلاف بغیر ری پلے دیکھے اور ٹھوس شواہد کے بغیر فیلڈ امپائر کا فیصلہ تبدیل کیا‘‘، بعد میں اس پیج کو درست کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب روہت شرما نے بھی اس متنازع فیصلے پر ٹویٹ کی ہے، انھوں نے ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں بیٹ اور گیند کے درمیان موجود واضح فرق کو نمایاں کیا جبکہ کیپشن پر مزاحیہ ایموجی لگائی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔