رانا ثنااللہ کی گرفتاری کے خلاف پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں مذمتی قرارداد جمع

ناکام حکومت اداروں کو اپنی سیاسی مقاصد حاصل کرنے کیلئے استعمال کررہی ہے، قرارداد کا متن

قوم سلیکٹڈ وزیر اعظم کی بزدلانہ اور انتقامی کارروائیاں دیکھ رہی ہے، قرارداد فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پارٹی کے صوبائی صدر رانا ثنااللہ کی گرفتاری کے خلاف پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں مذمتی قرارداد جمع کرادی۔


مسلم لیگ (ن) کی رکن عظمی بخاری کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ رانا ثنااللہ خان کی جعلی کیس میں گرفتاری نام نہاد جمہوری حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ جعلی حکومت رانا ثنااللہ کے خلاف کرپشن کا ایک ثبوت بھی تلاش نہیں کر سکی۔ رانا ثنااللہ کو نالائق حکومت کا مکروہ چہرہ قوم کے سامنے لانے کی سزا دی گئی۔

متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ناکام حکومت اداروں کو اپنی سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لئے استعمال کررہی ہے۔ رانا ثنااللہ نے پرویز مشرف کی آمریت کا جرات و بہادری سے مقابلہ کیا، رانا ثنااللہ جیسے بہادر سیاستدانوں کا آج بھی پرویز مشرف کی باقیات سے مقابلہ ہے۔ رانا ثنااللہ کی جعلی مقدمے میں گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے جمہوریت پسند لوگوں کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔ پوری قوم سلیکٹڈ وزیراعظم کی بزدلانہ اور انتقامی کاروائیاں بغور دیکھ رہی ہے۔
Load Next Story