راہول گاندھی کانگریس کی صدارت سے مستعفی ہونے کے فیصلے پر ڈٹ گئے

راہول گاندھی نے لوک سبھا انتخابات میں بدترین شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے صدارتی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا

راہول گاندھی نے لوک سبھا الیکشن میں کانگریس کی شکست پر پارٹی صدارت سے استعفی دے دیا تھا۔ فوٹو : فائل

کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے اپنے استعفے پر قائم رہتے ہوئے ایک بار پھر کہا ہے کہ پارٹی کو صدارت کے عہدے کے لیے نئے نام کا انتخاب کرلینا چاہیئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق راہول گاندھی نے ایک مرتبہ پھر اپنا استعفیٰ منظور کرنے پر اصرار کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو فی الفور نئے صدر کا انتخاب کرنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ تنظیمی امور میں تعطل ختم ہوسکے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : راہول گاندھی انتخابات میں بدترین شکست پر پارٹی صدارت سے مستعفی


راہول گاندھی نے مزید کہا کہ پارٹی صدارت ایک اہم عہدہ ہے جسے اتنے عرصے تک خالی رکھنا دانشمندی نہیں، میں اب پارٹی صدارت کی ذمہ داریاں نہیں نبھا رہا ہوں اس لیے یہ عہدہ کسی اہل شخص کے حوالے کردیا جائے۔

استعفیٰ کے حوالے سے راہول گاندھی کا یہ تازہ بیان کانگریس کے زیر حکومت ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی جانب سے استعفیٰ واپس لینے کے مطالبے کے بعد آیا ہے جس سے ثابت ہوگیا کہ راہول گاندھی صدارت کے عہدے سے مستعفی ہونے کے فیصلے پر قائم ہیں۔

واضح رہے کہ راہول گاندھی نے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی بدترین شکست کے بعد پارٹی کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا تھا تاہم پارٹی رہنماؤں کے استعفی قبول نہ کرنے کے باوجود انہوں نے تاحال استعفیٰ واپس نہیں لیا ہے۔
Load Next Story