امپائرکی انگلی پر ناچنے والے وزیراعظم کوعوام کی چیخیں سنائی نہیں دے رہیں بلاول بھٹو

بجٹ میں چوروں اور ڈاکوؤں کے لیے ایمنسٹی اسکیم اور عام آدمی کے لیے صرف ٹیکس ہیں، بلاول بھٹو زرداری

قبائلی علاقوں کاالیکشن بتائےگا یہ الیکشن کمیشن ہے یا سلیکشن کمیشن، بلاول بھٹو، فوٹو: فائل

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے غریب کی کمر توڑ دی، امپائر کی انگلی پرناچنے والے وزیراعظم کوعوام کی چیخیں سنائی نہیں دے رہیں۔

ڈیرہ غازی خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے عمران خان کیا کیا سبز باغ دکھاتے تھے، لیکن ان کا ہر وعدہ اور ہر نعرہ جھوٹا نکلا، یہ کون سا نیا پاکستان ہےجس میں غریب کی زندگی مشکل ہے، ہرکوئی پریشان، کسان بدحال اور مزدور بے بس ہے، مہنگائی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، ہمیں نیا پاکستان نامنظور ہے، قائداعظم کا پاکستان واپس دو۔



بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس ملک پرسیلیکٹد حکومت مسلط کردی گئی ہے، حکمران عوام کا خون چوس رہے ہیں اور ہرطبقہ اذیت کا شکار ہے، سلیکٹڈ حکومت نےغریب کی کمرتوڑدی ہے اور امپائرکی انگلی پر ناچنے والے وزیراعظم کوعوام کے چیخیں سنائی نہیں دے رہیں، ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے، دھاندلی زدہ حکومت نے دھاندلی سے دھاندلی زدہ بجٹ پاس کروایا، پہلی دفعہ ایسا ہوا کہ وزیراعظم نے اپنے ہی بجٹ میں ووٹ نہیں دیا، بجٹ میں چوروں اورڈاکوؤں کے لیے ایمنسٹی اسکیم اور عام آدمی کے لیے صرف ٹیکس ہیں۔




چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ بجٹ میں خیبر پختونخوا کو 40 ارب کم مل رہے ہیں، کٹھ پتلی کو حق نہیں کہ وہ فیصلہ کرے کس کی محنت کا پیسہ کہاں خرچ ہوگا، میں کٹھ پتلی حکومت کا مقابلہ کرنے اور عوام کے معاشی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کےلیے نکلا ہوں، امپائرکی انگلی کرکٹ میں چلتی ہے لیکن جمہوریت میں عوام کی انگلی چلتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان توصرف4 حلقوں کے لیےروتے تھے لیکن عام انتخابات 2018 میں پورے ملک کےحلقوں سے فارم 45 غائب تھا، قبائلی علاقوں کاالیکشن بتائےگا یہ الیکشن کمیشن ہے یا سلیکشن کمیشن، یہ کس قسم کی آزادی ہے کہ مجھے قبائلی علاقوں میں نہیں جانے دیا جاتا، دہشت گردوں کےسہولت کار آج کابینہ میں بیٹھے ہیں اور جس نے پاکستان کھپےکا نعرہ لگایا اس کا انٹرویو بھی نہیں چل سکتا۔

دریں اثنا بلاول نے جلسے میں شریک افراد سے اظہار تشکر کیا ہے۔
Load Next Story