جج کی ویڈیوکا فرانزک آڈٹ کرانے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

سابق نااہل وزیراعظم کی بیٹی نے الزامات کی بوچھاڑ کی جو ان کی بوکھلاہٹ اورگھبراہٹ کا نتیجہ ہے، متن

ذمہ داران کو بے نقاب کرتے ہوئے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے، متن: فوٹو: فائل

مریم نوازکی پریس کانفرنس میں دکھائی گئی ویڈیو کا فرانزک آڈٹ کرانے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی۔


تحریک انصاف کی رکن اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت کے جج جناب ارشد ملک کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق نااہل وزیر اعظم کی بیٹی بیگم مریم صفدر نے الزامات کی بوچھاڑ کی، یہ ان کی بوکھلاہٹ، گھبراہٹ اور ہر آنے والے دن میں مقبولیت کا گراف پستی کی طرف جانے کا نتیجہ ہے۔

متن کے مطابق احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے مریم صفدر کی پریس کانفرنس میں دکھائی گئی ویڈیو کو جعلی اور جھوٹی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میرے فیصلوں کو متنازعہ اور حقائق کو مسخ کرنے کے لیے ایسا کیا گیا ہے۔ مریم صفدر نے سیاق و سباق سے ہٹ کر سنگین الزامات لگا کر ان کی ذات اور ساکھ کو متاثر کرنے مذموم کوشش کی گئی ہے۔ مریم صفدر کی پریس کانفرنس میں دکھائی گئی جعلی ویڈیو کے ذریعے احتساب عدالت کے معزز جج پر الزامات لگانے کی بھرپوراورشدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بیگم مریم صفدر کی پریس کانفرنس میں دکھائی گئی ویڈیو کا مکمل فرانزک آڈٹ کرایا جائے۔ ذمہ داران کو بے نقاب کرتے ہوئے قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے۔
Load Next Story