زمبابوے پر پریشر بڑھانے کا صلہ پاکستان کو تاخیر سے ملا

میزبان ٹیم نے میچ کی چوتھی اننگز میں پچ کے خراب ہونے کی دعائیں شروع کردیں

میزبان ٹیم نے میچ کی چوتھی اننگز میں پچ کے خراب ہونے کی دعائیں شروع کردیں۔ فوٹو: اے ایف پی

KARACHI:
دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز زمبابوے پر پریشر بڑھانے کا صلہ پاکستان کو تاخیر سے ملا۔

بولنگ کوچ محمد اکرم کہتے ہیں کہ دروازہ کھل چکا باقی وکٹیں گرانے میں مشکل نہیں ہوگی، وکٹ اب تک بہتر اور زیادہ خراب ہونے کا امکان نہیں ہے، دوسری جانب میزبان سائیڈ نے چوتھی اننگز میں پچ کے خراب ہونے کی دعائیں شروع کردیں۔ تفصیلات کے مطابق بولنگ کوچ محمد اکرم گذشتہ دن کے اختتام پر گرنے والی تین وکٹوں کو حریف سائیڈ پر دباؤ بڑھانے کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔




ان کا کہنا ہے کہ ہمارا پلان لائن اینڈ لینتھ برقرار رکھتے ہوئے حریف بیٹنگ لائن پر پریشر بڑھانا تھا، ہم جانتے تھے کہ اس سے کسی بھی لمحے دروازہ کھل جائے گا اور ہم میزبان بیٹسمینوں کو گھیرنے میں کامیاب ہوجائیں گے، وکٹ اب بھی بولرز اور بیٹسمین دونوں کے لیے بہتر ہے، اگرچہ اس پر اسٹروک کھیلنا مشکل مگر ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے رنز اسکور ہوسکتے ہیں۔

زمبابوین بولر پانیان گرا نے کہا کہ پہلے دن سے وکٹ خراب ہونے کی باتیں ہورہی تھیں مگر یہ ہوئی نہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ چوتھی اننگز میں ایسا ہوجائے گی، انھوں نے کہا کہ ووسی سبانڈا کی طبیعت خراب تھی اس لیے اتسیا نے اوپننگ کی مگر وہ صبح تک بہتر ہوجائیں گے۔
Load Next Story