ایف بی آر غیر منقولہ جائیداد کے ریکارڈ سے بڑے ٹیکس نادہندگان پکڑے گا

اس حوالے سے ایف بی آر اچھی شہرت کے حامل ایماندار افسران کی ایک خصوصی ٹیم بھی بنائے گا، سینئر افسر ایف بی آر

اس حوالے سے ایف بی آر اچھی شہرت کے حامل ایماندار افسران کی ایک خصوصی ٹیم بھی بنائے گا، سینئر افسر ایف بی آر فوٹو: فائل

ایف بی آر اربوں روپے کی جائیدادیں خریدنے کے باوجود ٹیکس ادا نہ کرنے والے والے امیر ترین لوگوں کے بارے میں چاروں صوبوں کی پراپرٹی رجسٹریشن اتھارٹیز سے رجسٹرڈ ہونے والی تمام غیر منقولہ جائیدادوں کی اسکین شدہ کاپیاں مانگ لیں۔

ایف بی آر کے سینئر افسر نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ پراپرٹی رجسٹریشن اتھارٹیز کے سربراہان کے ساتھ خود ملاقاتیں کررہے ہیں اور اس حوالے سے حال ہی میں پاکستان پراپرٹی رجسٹریشن لاہور کے حکام سے ملاقات ہوئی ہے جس میں مذکورہ اتھارٹی نے ان کے پاس رجسٹریشن کے لیے آنے والی تمام انفرادی اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کے پلاٹس ومکانات کی رجسٹریشن کی اسکین شدہ کاپیاں فراہم کرنے پر نہ صرف رضامندی ظاہر کی ہے بلکہ یہ بھی طے ہوا ہے کہ اس حوالے سے ایف بی آر اچھی شہرت کے حامل ایماندار افسران کی ایک خصوصی ٹیم بھی بنائے گا جو پراپرٹی رجسٹریشن اتھارٹیز سے رجسٹرڈ ہونے والی جائیدادوں کی کاپیاں اسکین کر کے حاصل کرے گی۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ پراپرٹی رجسٹریشن اتھارٹیز صرف رجسٹرڈ جائیدادوں کی دستاویزات کا ریکارڈ فراہم کریں گی تاہم ان کی اسکینگ ایف بی آر کے اپنے لوگ کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ نے چند روز قبل پاکستان پراپرٹی رجسٹریشن اتھارٹی لاہور کو باضابطہ طور پر لیٹر بھی لکھا ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ اتھارٹی کے مجاز حکام کو ہدایات جاری کی جائیں تاکہ ایف بی آر کے اہلکار جاکر رجسٹرڈ جائیدادوں کی اسکین شدہ کاپیاں حاصل کرسکیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اس بعد چیئرمین ایف بی آر سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی پراپرٹی رجسٹریشن اتھارٹیز کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور جائیدادوں کی رجسٹریشن کی اسکین شدہ کاپیاں حاصل کی جائیں گی۔
Load Next Story