امریکی فضائی کمپنی کی ویب سائٹ میں خرابی درجنوں مسافروں کو مفت ٹکٹیں جاری

کمپنی حکام نے مفت جاری ہونے والےٹکٹ کو منسوخ نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

یونائٹڈ ایئرلائنز کے آن لائن نظام میں خرابی کے باعث درجنوں افراد کو صرف ایئرپورٹ ٹیکس کی ادائیگی پر ہی ٹکٹ جاری ہوگئے۔ فوٹو : فائل

امریکی فضائی کمپنی کی ویب سائٹ میں فنی خرابی کے باعث درجنوں مسافروں کو مفت ٹکٹیں جاری ہوگئیں تاہم کمپنی نے جاری ہونے والی ٹکٹوں کو منسوخ نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔


بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی نجی فضائی کمپنی یونائیٹڈ ایئرلائنز کی ویب سائیٹ میں فنی خرابی ہوگئی تھی جس کے باعث درجنوں افراد کو صرف ایئرپورٹ ٹیکس کی ادائیگی پر ہی ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹ جاری ہوگئے۔ خرابی کی اطلاع پر کمپنی نے فوری طور پر اپنی ویب سائٹ بند کردی۔

کمپنی حکام نے جاری ہونے والی مفت ٹکٹس کی کل تعداد اور اس سے پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے جاری ہونے والےٹکٹ کو منسوخ نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
Load Next Story