سی این جی سیکٹر کی یومیہ 10 گھنٹے گیس دینے کی تجویز

بزنس رپورٹر  اتوار 15 ستمبر 2013
 پنجاب کی صنعت کی طرح سی این جی کے شعبے کو بھی اپنے وعدے کے مطابق قدرتی گیس کی روزانہ سپلائی یقینی بنائیں،غیاث پراچہ۔ ۔فوٹو: فائل

پنجاب کی صنعت کی طرح سی این جی کے شعبے کو بھی اپنے وعدے کے مطابق قدرتی گیس کی روزانہ سپلائی یقینی بنائیں،غیاث پراچہ۔ ۔فوٹو: فائل

کراچی:  وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل عام آدمی کو مشکلات سے بچانے کیلیے سی این جی سیکٹر کو یومیہ بنیادوں پر قدرتی گیس کی سپلائی جاری رکھنے کی ہدایات جاری کرے۔

سپریم کونسل آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن (اے پی سی این جی اے) کے چیئرمین غیاث عبداللہ پراچہ نے مذکورہ مطالبہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم کو تجویز دی ہے کہ سی این جی سیکٹر کوبھی ایک صنعتی شعبے کا درجہ دیں کیونکہ عوام مزید گھنٹوں لائنوںمیں کھڑے ہونے کے لیے تیار نہیں، ٹرانسپورٹر،سی این جی مالکان اور سی این جی ایسوسی ایشن پرسڑکوں پر احتجاج کے لیے دباؤ بڑھا رہے ہیں جبکہ نئے لوڈ شیڈنگ شیڈول، ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کے مسائل، سی این جی اورکمرشل گاڑیوں کے مالکان کوہراساں کرنے، بیوروکریسی کے ہتھکنڈوں اور اس صنعت کو لاحق دیگر خطرات سے نمٹنے کے لیے 18 ستمبر کو اسلام آباد میں ملک سے ایسوسی ایشن کے عہدے داروں کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

انھوں نے کہاکہ وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی پنجاب کی صنعت کی طرح سی این جی کے شعبے کو بھی اپنے وعدے کے مطابق قدرتی گیس کی روزانہ سپلائی یقینی بنائیں تاکہ کاروباری فضا بہتر اور عوام کے مسائل کم کیے جا سکیں، ن لیگ کی حکومت عوام سے کیے گئے وعدے کے مطابق بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے، اب قدرتی گیس کی لوڈ شیڈنگ میں کمی یقینی بنائے، وزیر پٹرولیم کی جانب سے سی این جی سیکٹر کو ختم نہ کرنے کے بیانات حقیقت پسندی ہے جس سے سرمایہ کاروں کی مایوسی ختم ہو گی، اگر سی این جی اسٹیشنر کو بھی روزانہ قدرتی گیس فراہم کی جائے تو گیس کا استعمال نہیں بڑھے گا ۔

جبکہ عوام کے مصائب میں کمی آئے گی، گیس کمپنیاں روزانہ بغیر کسی مشاروت کے احکام جاری کر رہی ہیں جبکہ لوڈ شیڈنگ کا شیڈول بھی زمینی حقائق سے قطع نظر تبدیل کیا جا رہا ہے جس سے بے یقینی اور پریشانی میں اضافہ ہو رہا ہے اور اے پی سی این جی اے میں شکایتوں کا انبار لگ گیا ہے۔ غیاث پراچہ نے کہا کہ اگر حکومت نے سی این جی شعبے کو روزانہ 10گھنٹے قدرتی گیس کی سپلائی بحال کی تو ہم اس پر مکمل عمل درآمد کی ذمے داری قبول کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔