گھوٹکی کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار نے فتح حاصل کرلی

پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا

این اے 205 کی نشست سردار علی محمد خان مہر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی فوٹو: فائل

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 205 گھوٹکی میں پیپلز پارٹی کے سردار محمد بخش مہر نے میدان مار لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ کے ضلع گھوٹکی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 205 پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔ تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار محمد بخش مہر نے 89180 ووٹ حاصل کرکے فتح حاصل کی جب کہ آزاد امیدوار احمد علی مہر نے 72499 ووٹ حاصل کیے۔


پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 60 ہزار سے زائد ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 4 ہزار 980 جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 55 ہزار 895 ہے۔ حلقے میں ضمنی انتخاب کے لیے 290 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے۔

این اے 205 میں ضمنی انتخاب کو شفاف بنانے اور امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز اور پاک فوج کے اہلکار بھی تعینات کئے گئے۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

2018 کے عام انتخابات میں این اے 205 سے سردار علی محمد خان مہر کامیاب ہوئے تھے تاہم ان کے انتقال پر یہ نشست خالی ہوئی تھی۔ ضمنی انتخاب میں اصل مقابلہ آزاد امیدوار سردار احمد علی مہر اور پیپلز پارٹی کے سردار محمد خان مہر کے درمیان ہے۔ سردار احمد علی مہر سابق وفاقی وزیر انسداد منشیات سردار علی محمد خان مہر کے صاحبزادے ہیں اور انہیں مہر گروپ کے علاوہ جی ڈی اے، پی ٹی آئی اور حلقہ کے دیگر بااثر سیاسی حلقوں کی حمایت حاصل ہے۔
Load Next Story