ایران نے زیر قبضہ آئل ٹینکر کے عملے کے 9 بھارتی ارکان رہا کردیئے

پانامہ فلیگ ٹینکر کے 3 اور اسٹینا امپیرو کے 18 بھارتی ارکان تاحال ایران کے قبضے میں ہیں

ایران نے پانامہ کے آئل ٹینکر کو 14 جولائی کو تحویل میں لیا تھا جس میں عملے کے 12 بھارتی ارکان سوار تھے۔ فوٹو : فائل

ایران نے قبضے میں لیے گئے پاناما کے آئل ٹینکر کے عملے کے 9 ارکان کو بھارت کی اپیل پر رہا کر دیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے تحویل میں لیے گئے پاناما کے آئل ٹینکر کے 23 ارکان میں سے بھارت سے تعلق رکھنے والے 9 ارکان کو رہا کردیا ہے تاہم اب بھی 3 بھارتی ارکان ایران کی تحویل میں ہیں جن کی جلد رہائی ممکن ہے۔

علاوہ ازیں ایران میں بھارتی سفارت کاروں کو قبضے میں لیے گئے پاناما کے آئل ٹینکر کے 12 بھارتی ارکان اور برطانوی آئل ٹینکر اسٹینا امپیرو میں 18 بھارتی ارکان سے ملاقات بھی کرائی گئی تھی۔

یہ خبر بھی پڑھیں : ایران نے آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا


قبل ازیں بھارتی حکومت نے پاناما کے آئل ٹینکر کے 12 بھارتی ارکان اور برطانوی بحری جہاز میں 18 بھارتی شہریوں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران سے بھارتی ارکان کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ ایران نے 14 جولائی کو پاناما کے آئل ٹینکر کو تیل کی اسمگلنگ کا الزام عائد کر کے تحویل میں لے لیا تھا جب کہ 19 جولائی کو برطانوی آئل ٹینکر اسٹینا امپیرو کو تحویل میں لیا تھا جن میں بالترتیب 12 اور 18 بھارتی ارکان سوار تھے۔

 
Load Next Story