ٹی 20 لیگ سفر کے آغاز پر ہی ممبئی انڈینز لڑکھڑا گئی

راجستھان رائلز نے فکسنگ تنازع کو پس پشت ڈالتے ہوئے7 وکٹ سے پچھاڑ دیا

ڈریوڈ الیون نے رواں برس ہوم گرائونڈ پر ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ جاری رکھا۔۔ فوٹو: اسپورٹز پکس

چیمپئنز لیگ میں سفر کے آغاز پر ہی ممبئی انڈینز لڑکھڑا گئی، راجستھان رائلز نے فکسنگ تنازع کو پس پشت ڈالتے ہوئے آئی پی ایل چیمپئن سائیڈ کو 7 وکٹ سے پچھاڑ دیا، ڈریوڈ الیون نے رواں برس ہوم گرائونڈ پر ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

تفصیلات کے مطابق جے پور میں افتتاحی میچ کا آغاز بارش کی وجہ سے 15 منٹ تاخیر سے ہوا، ہاتھ کی انجری سے نجات کے بعد واپس آنے والے سچن ٹنڈولکر کو چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرنا تھی، مگر ڈریوڈ نے جب ٹاس جیت کر ان کی ٹیم کو گرین ٹاپ پر بیٹنگ کی دعوت دی تو ماسٹر بیٹسمین خود ایک بار پھر اوپننگ کیلیے آئے، وہ صرف 15 رنز پر اسٹورٹ بنی کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے، کپتان روہت شرما نے 44 اور کیرون پولارڈ نے 42 رنز اسکور کرکے مجموعے کو 7 وکٹ پر 142 تک پہنچایا۔




سدھارت ترویدی کی فکسنگ کیس میں ایک برس کی پابندی کے باعث پلیئنگ الیون میں ترقی پانے والے وکرم جیت ملک نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں راجستھان نے2بالز قبل 3 وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا، اسٹورٹ بنی نے کولٹرنیل کو چھکا جڑ کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا، وہ اور شین واٹسن 27، 27 رنز پر ناقابل شکست رہے، ان سے پہلے سنجو سیمسن نے 54 اور اجنکیا راہنے نے 33 رنز بنائے، کپتان ڈریوڈ دوسرے اوور کی تیسری بال پر صرف ایک رن بناکر آئوٹ ہوئے۔ راجستھان رائلز رواں برس انڈین پریمیئر لیگ کے دوران اپنے ہوم گرائونڈ پر ناقابل شکست رہی تھی، یہ سلسلہ اس نے اب چیمپئنز لیگ میں بھی جاری رکھا۔
Load Next Story