یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر سعودی اتحادی افواج کی بمباری 100 افراد جاں بحق

جنگ زدہ یمن میں 5 برس کے درمیان 10 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 70 ہزار زخمی ہوچکے ہیں

ریسکیو اداروں نے جائے وقوعہ سے 50 لاشیں نکالی ہیں۔ فوٹو : ٹویٹر

یمن میں سعودی اتحادی افواج کی فضائیہ نے حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن میں حوثی باغیوں کے زیر انتظام علاقوں پر سعودی اتحادی افواج کے جنگی طیاروں نے باغیوں کے ٹھکانوں اور قیدخانوں کو نشانہ بنایا جس میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

حوثی باغیوں کے ترجمان یوسف الحیدری نے عالمی میڈیا کو بتایا کہ حملے میں نشانہ بننے والی عارضی جیل میں 185 قیدی موجود تھے۔ یہ جیل ایک کالج میں عارضی طور پر بنائی گئی تھی۔


یہ پڑھیں: یمنی صدر کی اماراتی طیاروں کی بمباری رکوانے کیلئے سعودیہ سے مداخلت کی اپیل

سعودی اتحادی افواج کے ترجمان کرنل المالکی کا کہنا تھا کہ فضائی حملے دھمر میں باغیوں کی عسکری تنصیب اور اسلحہ ڈپو پر کیا گیا جہاں سے شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا تھا۔ معصوم شہریوں کی جانیں بچانا ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لیے باغیوں کو ایسی کارروائیوں سے غیر مسلح کرتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: یمن میں 50 لاکھ سے زائد بچے غذائی قلت کا شکار

واضح رہے کہ جنگ زدہ یمن میں گزشتہ 5 برس کے درمیان 10 ہزار سے زائد افراد ہلاک، 70 ہزار زخمی اور 33 لاکھ افراد بے گھر ہوئے اور 80 فی صد سے زائد شہریوں کو امداد اور حفاظت کی ضرورت ہے جب کہ ان میں سے ایک کروڑ افراد کی بقا کا انحصار پہلے ہی غذائی امداد پر ہے۔
Load Next Story