ڈرگ روڈ ملزمان نے بینک سے12لاکھ روپے لوٹ لیے مزاحمت پر گارڈ زخمی

ملزمان کی تعداد6 تھی،موٹر سائیکلوں پر سوار تھے،صرف 5منٹ میں واردات مکمل کی، گارڈ کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے

بینک میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج کی ریکارڈنگ محفوظ ہے،پولیس۔فوٹو: فائل

ڈرگ روڈ پر واقع بینک سے5 ملزمان12لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے ، مزاحمت پر گارڈ کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا اور اسلحہ بھی لے گئے۔

رواں ماہ بینک ڈکیتی کی یہ چوتھی واردات ہے، تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی کینٹ بازار میں واقع حبیب بینک میں جمعہ کی سہ پہر 12بجے 6مسلح ملزمان داخل ہو ئے اور تمام عملے کو یرغمال بنانے کے بعد بینک میں موجود 2 گارڈز سے اسلحہ چھین کر ایک کمرے میں بند کردیا، بعد ازاں ملزمان بینک کے کاونٹر پر رکھی ہو ئی تقریبا 12لاکھ روپے کی رقم لوٹ کر باآسانی فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے ، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔




ڈی ایس پی شاہ فیصل رستم نواز نے بتایا کہ ملزمان کی تعداد6تھی جوکہ موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور انھوں نے صرف 5منٹ میں واردات مکمل کی اور فرار ہو گئے جبکہ جاتے ہو ئے گارڈز کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے،انھوں نے مزید کہا کہ پولیس نے دونوں گارڈز کو حراست میں لے لیا ہے جن میں ایک گارڈ کو مزاحمت پر ملزمان نے بٹ مار کر زخمی بھی کیا ہے،ڈی ایس پی نے کہا کہ بینک میں نصب سی سی کیمرے کی فوٹیج کی ریکارڈنگ محفوظ ہے جس کو پولیس نے تحویل میں لے لیا ،واضح رہے کہ رواں ماہ بینک ڈکیتی کی 4وارداتیں ہو چکی ہیں جن میں ملزمان 50لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہو ئے اور مذکورہ بینک میں چند سال قبل بھی ڈکیتی ہو ئی تھی ۔

 
Load Next Story