بھارت میں موسلا دھار بارشیں 44 افراد ہلاک

مسلسل بارشوں سے دریاؤں میں طغیانی اور ڈیم ٹوٹنے کے باعث سیلابی ریلہ رہائشی علاقوں میں داخل

مسلسل بارشوں سے دریاؤں میں طغیانی اور ڈیم ٹوٹنے کے باعث سیلابی ریلہ رہائشی علاقوں میں داخل۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

بھارت ميں ہونے والی شديد بارشوں کے باعث 44 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی بھارت کے علاقوں میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، مسلسل ہونے والی بارشوں کے باعث دو ڈیم ٹوٹ گئے جس کی وجہ سے پانی کا ریلہ رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا اور بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ ہزاروں لوگ بے گھر اور 44 افراد ہلاک ہوگئے۔ رواں ہفتے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 59 ہوگئی۔



قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے کی ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ریاست اتر پردیش میں سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے جہاں سے گزرنے والے دو دریاؤں میں طغیانی آئی اور مسلسل بارشوں سے ڈیم بھی ٹوٹ گئے جس کے باعث ارد گرد کے علاقے زیرآب آگئے۔




حکومت کی جانب سے ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں ریسکیو اداروں کی مدد سے ہزاروں شہریوں کو منتقل کیا گیا ہے، ریلیف کیمپ میں طبی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں تاہم خوراک اور پینے کے پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ امدادی کاموں میں بھارتی فوج بھی حصہ لے رہی ہے۔



واضح رہے کہ رواں برس شروع ہونے والا مون سون بارشوں کا سلسلہ تاحال اپنی تمام تر تباہیوں کے ساتھ جاری ہے جس کے دوران بھارت کے علاوہ نیپال اور بنگلہ دیش میں سیکڑوں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
Load Next Story