وزیر اعظم کی چینی ہم منصب سے ملاقات پاک چین تجارتی حجم بڑھانے پر اتفاق

وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ چین کا دو روزہ سرکاری دورہ کررہے ہیں

وزیر اعظم نے چینی وزیراعظم لی کی کیانگ سے ملاقات کی فوٹو: فائل

وزیر اعظم عمران خان اور چینی ہم منصب کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تجارتی حجم میں بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ چین کے دو روزہ سرکاری دورہ پر ہیں۔ عمران خان کا بیجنگ کے گریٹ ہال آمد پر شاندار استقبال کیا گیا، انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا اور وزیراعظم نے چینی ہم منصب لی کی چیانگ کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔ عمران خان اور ان کے چینی ہم منصب کے درمیان ملاقات میں خطے کی سلامتی کی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔



قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے چین میں لوہے اور اسٹیل کی صنعت کے بڑے 'چائنا میٹالرجیکل گروپ' کے چیئرمین گوونکنگ نے ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان سے اورینٹ ہولڈنگ گروپ کے چیئرمین بورڈ نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، خسرو بختیار، وزیر ریلوے شیخ رشید، وزیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی موجود تھے۔



ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان باقاعدگی سے رابطوں کی روایت کا حصہ ہے، دونوں ممالک کے سربراہان باہمی دلچسپی، دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر مشاورت کرتے ہیں۔



وزیراعظم علاقائی ڈیولپمنٹ، جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے، 5 اگست کے بعد سے پیدا ہونے والی مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔ اس دورے سے پاکستان اور چین کے درمیان معاشی، سرمایہ کاری اور تزویراتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔


یہ پڑھیں: چینی صدر نے 400 کرپٹ افراد کو جیل بھیجا کاش میں 500 کو بھیج سکتا، وزیر اعظم

 

وزیراعظم سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کے حکومتی فیصلے پر عمل درآمد سے آگاہ کریں گے۔

ملاقات کا اعلامیہ جاری

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کے درمیان ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ سے متعلق امور اور دو طرفہ تجارت، ریلویز، اسٹیل، آئل اینڈ گیس، سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ چینی وزیراعظم نے پاکستان کے تمام مسائل پرتعاون کےعزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے چینی ہم منصب کو سی پیک منصوبوں میں تیزی لانے کے حالیہ اقدامات اور گوادر کے ترقیاتی کاموں میں لائی جانے والی تیزی سے بھی آگاہ کیا، چینی وزیراعظم نے سی پیک منصوبے کو آگے بڑھانے اورگوادرمیں سی پیک منصوبوں کے لیے فاسٹ ٹریک اقدامات پرعمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستانی معیشت مستحکم کرنے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان امن کا منتظر لیکن قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں، آرمی چیف
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان چین سدا بہار تزویراتی شراکت داری دونوں ممالک کے بنیادی مفادات کو تحفظ فراہم کرتی ہے، پاک چین شراکت داری خطے میں امن ، ترقی اور استحکام کی ضامن ہے، سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے، یہ منصوبہ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خطے میں خوشحالی کا سبب ہے۔

Load Next Story