ایک گھنٹے سے بھی زیادہ دیر تک پلکیں نہ جھپکانے کا عالمی ریکارڈ

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اس کی تصدیق کرنے سے انکار کردیا ہے

فلپائنی اداکار پاؤلو بالیستیروس نے مسلسل ایک گھنٹہ، 17 منٹ اور تین سیکنڈ تک پلکیں جھپکائے بغیر آنکھیں کھلی رکھنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

فلپائن کے ایک اداکار پاؤلو بالیستیروس نے مسلسل ایک گھنٹہ، 17 منٹ اور تین سیکنڈ تک پلکیں جھپکائے بغیر آنکھیں کھلی رکھنے کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے لیکن گنیز ورلڈ ریکارڈز اس کی تصدیق کرنے سے انکار کردیا ہے کیونکہ ان کے پاس آنکھیں نہ جھپکانے کا کوئی باضابطہ عالمی ریکارڈ موجود نہیں۔


ایک مقامی چینل پر ورائٹی شو کے دوران پاؤلو کا مقابلہ کامیڈین ایلن کے سے تھا، جس میں دونوں کو پلکیں جھپکائے بغیر آنکھیں کھلی رکھنا تھیں۔ ایلن نے 34 منٹ تک پلکیں نہ جھپکائیں لیکن بالیستیروس نے سوا گھنٹے تک پلکیں جھپکائے بغیر آنکھیں کھلی رکھ کر نہ صرف انہیں شکستِ فاش دی بلکہ ایک نیا عالمی ریکارڈ بھی بنایا۔

اگرچہ گنیز بک والوں نے اسے عالمی ریکارڈ تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے لیکن عالمی ریکارڈز جمع کرنے والی ایک اور ویب سائٹ ''ریکارڈ سیٹر ڈاٹ کام'' کے مطابق، سب سے زیادہ دیر تک پلکیں نہ جھپکانے کا سابقہ عالمی ریکارڈ کولوراڈو، امریکا کے جولیو جیم نے 2016 میں قائم کیا تھا جس کا دورانیہ ایک گھنٹہ، 5 منٹ اور 11 سیکنڈ تھا۔ بالیستیروس نے ان سے بھی تقریباً 12 منٹ دیر تک پلکیں نہ جھپکا کر یہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
Load Next Story