امریکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، حفیظ شیخ

نمائندہ ایکسپریس  پير 21 اکتوبر 2019

 اسلام آباد:  وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان معیشت استحکام کے رستے پرگامزن ہے اور معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے امریکی سرمایہ کاروں اورکمپنیوں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔

انھوں نے اس امرکا اظہار یوایس پاکستان بزنس کونسل کی جانب سے ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ اور ان کے ہمراہ پاکستانی وفد کے اعزاز میں واشنگٹن میں منعقدہ راؤنڈ ٹیبل ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستانی وفدآئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکہ میں موجود ہے۔  اپنے خطاب میں ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے پاکستان میں کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کی حکومتی کاوشوں پرتفصیل سے روشنی ڈالی اور امریکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں اپنی سرمایہ کا حجم بڑھانے کی دعوت دی۔ راؤنڈ ٹیبل میں ایس اینڈ پی گلوبل،پیپسی کو، موٹرولاسلوشنزانک، سٹی،گوگل، ایکسن موبل اور دیگر ملٹی نیشنل کمپنیوں کے عہدیدار موجود تھے۔

علاوہ ازیں ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ اورانکے ہمراہ وفد نے ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے آئی آئی بی)کے صدرجِن لی کون سے بھی ملاقات کی اورپاکستان میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی پورٹ فولیو سرمایہ کاری پرتبادلہ خیال کرنے کے علاوہ معیشت کے ان شعبوں پربات کی، جن میں بینک کی جانب سے سرمایہ کاری کے امکانات موجود ہیں۔ صدر جِن لی کون نے پاکستانی کی معاشی تعمیرو ترقی کے ایجنڈا کی تکمیل کے لیے ایشین ڈیولپمنٹ بینک کی مکمل حمایت اور تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان کے ترجیحی ترقیاتی شعبوں میں بینک کی جانب سے مالی امداد بڑھانے کی پیشکش کی۔ پاکستانی وفد نے اسلامی ترقیاتی بینک(آئی ڈی بی)کے صدرڈاکٹر بندارایم ایچ ہجار سے بھی ملاقات کی اورانہیں ملکی معیشت کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے آئی ڈی بی کی جانب سے پاکستان کو مالی امدادکی فراہمی پر صدرڈاکٹر بندارایم ایچ ہجارکا شکریہ اداکیا۔ عبدالحفیظ شیخ نے عالمی بینک کے ذیلی اورعالمی بینک گروپ کے رکن ادارے آئی ایف سی کی نائب صدرنِینا سٹوالج کووک سے بھی ملاقات کی، مشیر خزانہ کوآئی ایف سی کی جانب سے پاکستان میں بالخصوص شمسی اورہوا سے توانائی کے حصول کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے آئندہ منصوبوںکے بارے میں آگاہ کیاگیا اورآئی ایف سی کی جانب سے پاکستان میںنجی وسرکاری کاروباری شراکتوںکے ڈھانچہ کو مزید بہتر بنانے کے لیے مشاورتی خدمات کی فراہمی میں دلچسپی کا اظہارکیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔