لبنان میں حکومتی مخالف احتجاج میں ’بے بی شارک‘ مظاہرین کا ترانہ بن گیا

مظاہرین نے نعروں اور شور سے پریشان 15 ماہ کے بچے کو بہلانے کے لیے ’بے بی شارک‘ کورس کی شکل میں گانا شروع کردیا

نعرے اور شور شرابے سے پریشان 15 ماہ کے بچے کو مظاہرین نے بی بی شارک گا کر محظوظ کیا (فوٹو : فائل)

لبنان میں حکومت مخالف احتجاج اپنے عروج پر ہے، سڑکیں مظاہرین سے بھری ہوئی ہیں، جگہ جگہ ٹائر جل رہے ہیں تاہم ایک دلچسپ واقعے نے بچوں کے مقبول ترین نغمے 'بے بی شارک' کو مظاہرین کا پسندیدہ ترانہ بنا دیا۔

لبنان میں وزیراعظم سعد حریری کی پالیسی، مہنگائی اور نرخوں میں اضافے پر پُرتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اسی دوران ایک خاتون جابور اپنے بچے کے ہمراہ گھر جارہی تھیں کہ مظاہرین کا مجمع اور شور شرابہ دیکھ کر 15 ماہ کا بیٹا پریشان ہو کر رونے لگا جس پر خاتون نے مظاہرین سے خاموش رہنے کی التجا کی تاکہ بچہ خوف و ہراس کی صورت حال سے باہر نکل آئے۔

https://youtu.be/j3bRCM4fvB0

مظاہرین نے بھی معاملے کی سنگینی کو سمجھتے ہوئے نعرے بازی کرنے بجائے کورس کی شکل میں دنیا میں بھر میں مقبول بچوں کا نغمہ 'بے بی شارک' گانا شروع کردیا۔ بچے کو بھی یہ گانا بہت پسند تھا اور اس نے نہ صرف رونا بند کردیا بلکہ پوری صورت حال سے محظوظ ہونے لگا اور ساتھ ساتھ گانا گانے کی کوشش کرنے لگا۔ اسی دوران کسی نے پورے واقعے کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔


یہ خبر پڑھیں: لبنان میں حکومت مخالف مظاہروں پر4 وزرا نے استعفیٰ دیدیا

سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو جنگل میں آگ کی طرح تیزی سے وائرل ہوگئی یہاں تک کہ گھر پہنچنے سے پہلے ہی جابور کے شوہر نے اپنے بیٹے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھ لی۔ ویڈیو کا وائرل ہونا تھا کہ لبنان میں جہاں جہاں مظاہرین جمع ہیں وہ سب لہک لہک کر بے بی شارک گا رہے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ جیسے یہ گانا احتجاجی مظاہرین کا ترانہ بن گیا ہے جس سے پرتشدد مظاہروں میں خوشگوار موڑ آگیا ہے۔

https://youtu.be/xfGg2YypQVQ

خاتون جابور نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا 15 ماہ کا بیٹا رابن جب بڑا ہوجائے گا اور کبھی یہ ویڈیو دیکھے گا تو اسے یہ معلوم چلے گا کہ اس کے اچھے مستقبل کے لیے کیسے لوگ سڑکوں پر حکومت، طاقت اور اقتدار کے سامنے سراپا احتجاج کھڑے تھے۔
Load Next Story