بھارت میں ہندو مذہبی رہنما کے پاس سے 500 کروڑ روپے کی کرنسی و جواہرات برآمد

ہندو پیشوا وجے کمار المعروف کلکی بھگوان کے قبضے سے نقد رقم سمیت 500 کروڑ مالیت کی چیزیں برآمد ہوئیں

74 سالہ وجے کمار نے کیرئیر کا آغاز بطور کلرک کے کیا تھا (فوٹو : فائل)

بھارت میں ہندوؤں کے پیشوا وجے کمار نائیڈو کے قبضے سے 500 کروڑ روپے مالیت کی کرنسی، سونے اور ہیرے جواہرات برآمد ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے ہندوؤں کے روحانی پیشوا وجے کمار نائیڈو المعروف کُلکی بھگوان کے آشرام اور 12 سے زائد جائیدادوں پر چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 93 کروڑ بھارتی روپے نقد، 2.5 ملین ڈالر نقد ، 88 کلو سونا (مالیت 26 کروڑ)، 1 ہزار 271 قیراط کے ہیرے (مالیت 5 کروڑ) اور 409 کروڑ کی جائیداد کے کاغذات برآمد کیے ہیں۔

https://youtu.be/QYfo76BG1ww


ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے یہ کارروائیاں تامل ناڈو اور آندرا پردیش میں کلکی بھگوان کے زیر انتظام آشرام اور دیگر اداروں پر کیں۔ مذہبی پیشوا نے ٹیکس سے بچنے کے لیے یہ جائیدادیں ظاہر نہیں کی تھیں۔

وجے کمار نائیڈو المعروف کُلکی بھگوان نے اپنے کیرئیر کا آغاز ایک لائف انشورنس کمپنی میں بطور کلرک کیا تھا۔ 70 سالہ وجے کمار کو بھگوان کا دسواں اوتار سمجھا جاتا ہے اور اسی نسبت سے ان کی اہلیہ کو اماں بھگوان بھی کہا جاتا ہے۔

وہ 5 برس سے شدید علیل ہیں اور آشرام نہیں آتے ہیں ان کی غیر موجودگی میں ان کے بیٹے نے انتظام سنبھالا ہوا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ چھاپہ مار کارروائی اہل خانہ کے درمیان تلخی اور تضادات کے باعث ممکن ہوئی۔
Load Next Story