لائرز کرکٹ ورلڈ کپ پاکستان ٹیم واہگہ کے راستے بھارت روانہ

کھلاڑیوںکے عزیز واقارب اور بڑی تعداد میں وکلا نے اسکواڈ کو رخصت کیا

کوچ اور 6 کھلاڑی تاحال ویزوں کے منتظر، ایونٹ آج سے نئی دہلی میں شروع ہوگا۔ فوٹو: فائل

لائرز ورلڈ کپ میں شرکت کیلیے پاکستان کی 11رکنی ٹیم واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ ہو گئی۔

ٹیم کا پہلا پڑائو امرتسر میں ہوگا وہاں سے بذیعہ ہوائی جہاز نئی دہلی جائیگی۔کھلاڑیوںکے عزیز واقارب اور بڑی تعداد میں وکلا نے اسکواڈ کو رخصت کیا۔ بھارت روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیم کے ترجمان اور سینئر کھلاڑی واصف زمان نے کہا کہ ہم بھر پور تیار ی کیساتھ جارہے ہیں اور امید ہے کہ اس مرتبہ ورلڈ کپ جیت کر وطن واپس لوٹیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے ہمارے 11کھلاڑیوں کو ویزے جاری کیے گئے تاہم گذشتہ روز انھوں نے ہمیںیقین دہانی کر ائی ہے کہ وہ پیر کو باقی6 کھلاڑیوں اور کوچ کو بھی سفری دستاویزات فراہم کردیں گے، جس کے بعد یہ تمام کھلاڑی ہمیں جوائن کر لیں گے۔




انھوں نے کہا کہ ہم بھارت محبت اور امن کا پیغام لے کر جارہے ہیں، موجودہ حالات میں کھیل ہی دونوں ملکوں کو قریب لاسکتے ہیں اس لیے پاکستان اور بھارت کو نہ صرف کر کٹ بلکہ ہاکی،کبڈی اور دیگر کھیلوں میں ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ مقابلے کرنے چاہیں،کھیلوں کو سیاست الگ رکھنا چاہیے اگر اسپورٹس کو سیاست کی نذر کرینگے تو اس کا نقصان دونوں ممالک کو ہو گا ۔ ٹیم کے سینئر کھلاڑی میاں صفدر نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں ہماری ٹیم کا بھارت جاکر کھیلنا بہت بڑی بات ہے کیوں کہ ہمیں کل تک یہ معلوم نہیں تھا کہ ویزے ملیں گے یا نہیں اس کے باوجود ہم گذشتہ ایک ماہ سے مسلسل تیاری کر رہے تھے اورکوشش ہو گی کہ بہتر ین کا ر کردگی سے کامیابی حاصل کر کے قوم کو خوشی کا موقع فراہم کریں ۔لائرز کر کٹ ورلڈ کپ مقابلے 14اکتوبر سے 22 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔ ٹورنامنٹ میں بھارت ،سری لنکا، پاکستان ،آسٹریلیا ، انگلینڈ اورویسٹ انڈیز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
Load Next Story