مودی کو فضائی حدود کے استعمال سے روکنے پر پاکستان کیخلاف بھارتی درخواست مسترد

28 اکتوبر کو پاکستان نے مودی کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی تھی جس پر بھارت نے شکایت درج کرائی تھی

مودی کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے پر بھارت نے پاکستان کیخلاف شکایت درج کرائی تھی۔ فوٹو : فائل

انٹرنیشنل سول ایوی ایشن نے پاکستان کی جانب سے مودی کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے سے روکنے کیخلاف بھارت کی درخواست کو مسترد کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مودی کو فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت نہ دینے پر بھارت نے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن میں پاکستان کیخلاف کارروائی کے لیے شکایت درج کرائی تھی۔ عالمی ادارے نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے بھارتی درخواست کو مسترد کر دیا۔

ترجمان انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے موقف اختیار کیا کہ ملکی اور فوجی سربراہان کو لے جانے والی پروازوں کو 'ریاستی ایئرکرافٹ' تصور کیا جاتا ہے جو کہ ہمارے دائرہ کار میں نہیں آتا۔ ہم صرف سویلین پروازوں پر کسی حکومت کیخلاف ایکشن لے سکتے ہیں۔


یہ خبر پڑھیں: مودی کے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے پرپابندی عائد

رواں ماہ کی 28 تاریخ کو بھارتی حکومت نے وزیراعظم نریندر مودی کے فضائی سفر کے لیے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی درخواست کی تھی تاہم پاکستان نے اجازت نہیں دی تھی۔ اس سے قبل ماہ ستمبر میں بھی پاکستان نریندر مودی کو فضائی حدود استعمال کرنے سے روک چکا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کو دونوں بار 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیر آئینی اقدام پر شدید احتجاج کرتے ہوئے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔
Load Next Story