مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکیورٹی فورس کی بکتر بند گاڑی پر حملہ

حملے پر بھارتی اہلکار حواس باختہ ہوگئے اور اندھا دھند ہوائی فائرنگ کی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا

وادی بھر میں سخت سیکیورٹی حصار ہونے کے باوجود حیران کن طور پر حملہ آور فرار ہوگئے۔ (فوٹو: فائل)

قابض بھارتی سیکیورٹی فورس کی بکتر بند گاڑی پر مسلح افراد نے حملہ کردیا تاہم بلٹ پروف ہونے کے باعث گاڑی میں موجود اہلکار محفوظ رہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلواما میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی بکتر بند گاڑی معمول کی گشت پر تھی کہ اچانک نامعلوم مسلح افراد نے دھاوا بول دیا۔ حملہ آوروں نے بکتر بند گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی لیکن بلٹ پروف ہونے کے باعث گاڑی کے اندر موجود اہلکار محفوظ رہے۔


وادی بھر میں سخت سیکیورٹی حصار ہونے کے باوجود حیران کن طور پر حملہ آور فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد خوف میں مبتلا بھارتی اہلکار حواس باختہ ہوگئے اور شدید ہوائی فائرنگ کی جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کے بعد مزید نفری کو طلب کرکے ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔

یہ خبر پڑھیں: بھارت کشمیر میں انسانی حقوق اور معمولات زندگی کو فی الفور بحال کرے، اقوام متحدہ

واضح رہے کہ 28 ستمبر کو بھی سی آر پی ایف کی ایک بٹالین پر حملہ کیا گیا تھا تاہم اس واقعے میں بھی کوئی اہلکار ہلاک اور زخمی نہیں ہوا تھا جب کہ 28 اکتوبر کو سوپور میں بس اسٹینڈ پر ہونے والے گرنیڈ حملے میں 20 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
Load Next Story