حکومتی فیصلہ عمران خان کے تعصب اور سیاسی انتقام پر مبنی ہے ترجمان ن لیگ

حکومتی فیصلہ عمران صاحب کے متعصبانہ روئیے اور سیاسی انتقام پر مبنی ہے، ترجمان (ن) لیگ

نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار بے حس اور سنگ دل حکومت ہو گی، مریم اورنگزیب۔ فوٹو:فائل

ترجمان (ن) لیگ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف کے بیرون ملک علاج کی شرط کا حکومتی فیصلہ مسترد کرتے ہیں، حکومت انتہائی ریاکاری اور بد نیتی سے نوازشریف کے بیرونِ ملک علاج میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔

وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم اور معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے بیرون ملک علاج کی شرط کا حکومتی فیصلہ مسترد کرتے ہیں، حکومتی فیصلہ عمران صاحب کے متعصبانہ روئیے اور سیاسی انتقام پر مبنی ہے۔

ترجمان (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی ضمانت کے وقت تمام آئینی و قانونی تقاضے پورے اور ضمانتی مچلکے جمع کرائے جا چکے ہیں، عدالت کے اوپر ایک حکومتی عدالت نہیں لگ سکتی، سکیورٹی بانڈ جمع کرانے کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنا واضح موقف پیش کر چکی ہے، سکیورٹی بانڈ جمع کرانے کا حکومتی فیصلہ منظور نہیں، نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کو مشروط کرنا ناقابلِ فہم حکومتی فیصلہ ہے جس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک طرف حکومت نوازشریف کی صحت کی سنگینی کا اعتراف کر رہی ہے اور دوسری جانب انتہائی ریاکاری اور بد نیتی سے ان کے بیرونِ ملک فوری علاج میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے، پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سیاسی محاسبت میں کبھی کسی کی زندگی کے اِس طرح نہیں کھیلا گیا، نواز شریف کے علاج میں ہر لمحہ انتہائی قیمتی اور اسے تاخیری حربوں کی نظر کرنا بدترین ظلم اور زیادتی ہے، نواز شریف کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار بے حس اور سنگ دل حکومت ہو گی۔


لیگی ترجمان نے بتایا کہ شہباز شریف نے پارٹی کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس کل طلب کرلیا ہے جس میں اپنی نوعیت کے منفرد حکومتی فیصلے کے بعد کی حکمت عملی پر سینئر قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا، جب کہ شہباز شریف کل سہہ پہر تین بجے اہم پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

'حکومتی پیشکش گھٹیا سیاست کی بدترین مثال'

دوسری جانب نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ کیا ایک امراض دل، گردہ، پلیٹ لیٹس اور اسٹروک کا خطرہ رکھنے والے مریض کا علاج ایک ماہ میں ختم ہو سکتا ہے؟ عدالتی فیصلوں کے بعد دو ہفتے کا وقت کیونکر ضائع کیا گیا؟۔

حسین نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے بیرون ملک علاج کے لئے حکومت کی پیشکش گھٹیا سیاست کی بدترین مثال ہے، باالفاظ دیگر حکومت کی طرف سےانکار ہے بس دکھانے کو قواعد و ضوابط کا بہانہ ہے۔ اقامے پر نااہل کئے جانے والے وزیر اعظم کو تو یہ بھی میسر نہیں، ہم ایک ایسی قوم ہیں جہاں غیر ملکی جاسوس کو اپیل کا حق دینے کیلئے قانون میں ترمیم ہوتی ہے لیکن عوام کے منتخب وزیر اعظم جسے کمپیوٹر کے غیر مصدقہ اسکرین شاٹس کی رو سے نااہل کیا گیا کو اپیل کا بھی حق نہیں ملتا۔
Load Next Story