تیاریوں کا اچھا موقع مل گیا، ٹیم برسبین میں عمدہ کھیل پیش کرے گی، شان مسعود

اسپورٹس رپورٹر  منگل 19 نومبر 2019
تیاریوں کا اچھا موقع مل گیا، ٹیم برسبین میں عمدہ کھیل پیش کرے گی، شان مسعود۔ فوٹو: فائل

تیاریوں کا اچھا موقع مل گیا، ٹیم برسبین میں عمدہ کھیل پیش کرے گی، شان مسعود۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  پاکستانی اوپنر شان مسعود کا کہنا ہے کہ میں برسبین کی کنڈیشنزسے واقف ہوں، اسکواڈ میں شامل 3 اہم بیٹسمین 2016 کی سیریز میں بھی یہاں کھیلنے کا تجربہ حاصل کر چکے، پرتھ میں بھی تیاریوں کا اچھا موقع ملا۔

میڈیا سے بات چیت شان مسعود نے کہا کہ نسیم شاہ نے ڈومیسٹک پچز پیسرزکے لیے زیادہ سازگار نہ ہونے کے باوجود عمدہ بولنگ سے توجہ حاصل کی،16سالہ بولر پُرجوش اور باصلاحیت ہیں، انھوں نے بڑی ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے والدہ کے انتقال کے باوجود آسٹریلیا میں قیام کا فیصلہ کیا اوراگلے روزشاندار اسپیل بھی کیا، پلیئنگ الیون میں شامل ہوئے تو وہ برسبین کی پچ پربولنگ کرتے ہوئے لطف اندوز ہوں گے۔

انھوں نے مزید کہاکہ اسٹیو اسمتھ بہترین بیٹسمین ہیں لیکن ہمیں کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے تمام بیٹسمینوں کو آؤٹ کرنے کے لیے حکمت عملی بنانا پڑے گی، مچل اسٹارک اور مائیکل نیسر سمیت آسٹریلوی پیسرزمشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔

شان مسعود نے کہا کہ پاکستان کا بولنگ اٹیک بھی عمدہ کارکردگی دکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، محمد عباس تجربہ کار اورکم بیک کرنے والے عمران خان سینئر اچھی فارم میں نظر آرہے ہیں،ہمیں اسپیڈ اسٹار موسی اور نسیم شاہ کی خدمات بھی میسر ہیں،شاہین شاہ آفریدی تینوں فارمیٹ میں پاکستان کے لیے پرفارم کرتے رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ تمام پاکستانی کرکٹرزکینگروز کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے بے تاب ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔