امریکا کی مختلف ریاستوں میں طلبا کی فائرنگ سے 2 خواتین ٹیچرز ہلاک

24 سالہ ٹیچرریاست میسا چوسٹس کے کالین رٹزر ڈینورز ہائی اسکول میں حساب کا مضمون پڑھاتی تھیں۔

عدالت نے نابالغ ہونے کے باوجود ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر کے مقدمہ بالغوں کی عدالت میں چلانے کا حکم دے دیا، فوٹو: رائٹرز

امریکی ریاست میسا چوسٹس میں بھی اسکول ٹیچر کو طالب علم نے قتل کردیا جس کے بعد 48 گھنٹوں میں طلبا کے ہاتھوں ہلاک ہونے والی خاتون اساتذہ کی تعداد 2 ہوگئی ہے ۔


غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 24 سالہ ٹیچرریاست میسا چوسٹس کے کالین رٹزر ڈینورز ہائی اسکول میں حساب کا مضمون پڑھاتی تھیں اور وہ منگل کے روز لاپتا ہو گئیں، ٹیچر کا سراغ لگانے کے لئے پولیس نے اسکول کی تلاشی لی تو انہیں اسکول کی عمارت کی دوسری منزل پر واقع بیت الخلا میں خون پڑا ملا جس کے بعد علاقے کی تلاشی لینے پر خاتون ٹیچر کی لاش قریبی واقع جنگل سے مل گئی، پولیس نے جب اسکول کے طلبا کے بارے میں پوچھ گچھ کی تو پتہ چلا کہ 14 سالہ طالب علم فلپ چزم واردات کے بعد سے گھر نہیں لوٹا تاہم بعد میں اسے گرفتار کرلیا گیا،14 سالہ ملزم نے عدالت میں پیش ہو کر ٹیچر کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا جبکہ عدالت نے نابالغ ہونے کے باوجود ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر کے مقدمہ بالغوں کی عدالت میں چلانے کا حکم دے دیا ہے ۔

واضح رہے کہ پیر کے روز بھی 12 سالہ طالبعلم نے ریاست نیویڈا میں 45 سالہ خاتون ٹیچر مشل لینڈزبری کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا، واقعے میں 2 طالب علم بھی زخمی ہو گئے تھے جب کہ قاتل نے واقعے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی تھی۔

Recommended Stories

Load Next Story