بھارت میں بچے کو قتل کرکے لاش نالی میں پھینکنے کے الزام میں ماں گرفتار

پولیس نے قتل کے الزام میں ماں کے علاوہ اس کے دوسرے شوہر اور ایک رشتے دار کو بھی گرفتار کرلیا

ملزمان کے خلاف قتل اور جرم کے شواہد مٹانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، نئی دلی پولیس فوٹو: فائل

بھارت میں ایک عورت کو اپنے ہی 5 سالہ بچے کو قتل کرنے کے بعد لاش نالی میں پھنکنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دلی کے علاقے کھجوری خاص میں 3 روز قبل 5 سالہ بچے کی لاش ایک نالی سے برآمد ہوئی تھی، پولیس نے تفتیش اور شواہد کی روشنی میں بچے کی ماں، سوتیلے باپ اور اس کے ایک رشتے دار کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ سوتیلے باپ نے کسی بات پر غصے میں آکر بچے کو تشدد کا نشانہ بنایا، اس دوران اس کی لات بچے کے نازک حصے پر لگی جس سے وہ تکلیف سے بے ہوش ہوگیا۔ بچے پر سوتیلے باپ کے تشدد کے وقت وہاں اس کی سگی ماں بھی موجود تھی۔ بچے کی حالت غیر ہونے پر دونوں گبھرا گئے، انہوں نے سوچا کہ اگر بچے کو اسپتال لے گئے تو وہ مشکل میں پھنس جائیں گے، جس پر انہوں نے بچے کو قتل کرنے کا فیصلہ کیا۔


بچے کی ماں نے اسے دبوچا اور سوتیلے باپ نے اس کا گلا گھونٹا۔ بچے کو قتل کرنے کے بعد لاش ٹھکانے لگانے کے لیے دونوں نے اپنے رشتے دار کی مدد حاصل کی اور تینوں لاش کو گاڑی میں ڈال کر نالے میں پھینک آئے۔

نئی دلی پولیس کے ڈپٹی کمشنر وید پرکاش سوریہ نے بتایا کہ جائے وقوعہ کے قریب لگے سی سی ٹی کیمرے سے اس بات کی تصدیق ہورہی تھی کہ لاش پھینکنے والے 3 ہیں اور ان میں سے ایک خاتون ہے لیکن ان کی شکلیں واضح نہیں ہورہی تھیں، تاہم پولیس کو گاڑی میں لگے ایک اسٹیکر نے انہیں ملزمان تک پہنچایا۔

پولیس نے اسی ماڈل کی 200 گاڑیوں کی تلاش کی اور بالاخر مطلوبہ کار مل گئی جس سے وہ ملزمان تک پہنچے۔ ملزمان کے خلاف قتل اور جرم کے شواہد مٹانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
Load Next Story