ہمارے داخلی امن کو تباہ کرنے والے ممالک خطرناک نتائج کیلیے تیار رہیں ایران

ایران میں مداخلت اور امن تباہ کرنے والے ملک کا انجام اچھا نہیں ہوگا، نائب صدر ایران اسحاق جہانگیری

چند ممالک ایران میں امن تباہ کرکے عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، ایرانی نائب صدر اسحاق جہانگیری (فوٹو: فائل)

ايران نے داخلی معاملات میں مداخلت اور شہریوں کو حکومت کیخلاف اکسانے والے ممالک کو خطرناک نتائج کیلیے تیار رہنے کی دھمکی دی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے خطے کی دیگر ریاستوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے داخلی معاملات میں ٹانگ نہ اڑائیں، شہریوں کو ہڑتال اور احتجاج کے لیے اکسا کر امن و امان کی صورت حال کو تہہ و بالا کرنے کی ناپاک سازش نہ کریں۔


ايرانی نائب صدر اسحاق جہانگيری نے مزید کہا کہ اگر کسی ملک نے ايران ميں داخلی سطح پر بد امنی پھيلانے کی کوشش کی، تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ ایران کو دوسرے ممالک کی مداخلت کے شواہد مل گئے تو ایسے ممالک کا انجام اچھا نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ ایران میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد ملک بھر میں پر تشدد احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، اب تک ایک ہزار سے زائد مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ہے جب کہ درجنوں مظاہرین ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ ایران ان مظاہروں کا الزام غير ملکی حمايت يافتہ قوتوں پر عائد کرتا ہے۔
Load Next Story