ڈرون حملے روکے بغیر قیام امن بے سود ہےجہانگیر ترین

نواز شریف کے پاس عوام کا مینڈیٹ ہے، وہ ڈرون حملوں کو حوالے سے فیصلے کریں،رہنما تحریک انصاف

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین اورنادر اکمل لغاری پریس کانفرنس کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کے پاس18کروڑ عوام کا مینڈیٹ ہے وہ ڈرون حملوں کو حوالے سے اپنے فیصلے کریں۔

ڈرون حملوں کو روکے بغیر قیام امن کی پیش رفت بے سود ہے، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے لیے پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہفتہ کو اسلام آباد میں ہوگا، نیٹو سپلائی وفاقی راستوں کے ذریعے ہوتی ہے، قانونی طور پر اسے نہیں روک سکتے، تحریک انصاف کراچی سمیت ملک بھر سے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کو کراچی میں مرکزی سینئر نائب صدر نجیب ہارون کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری، رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، ذوالقرنین خان، جمال صدیقی، دواخان صابر اور دیگر بھی موجود تھے۔




جہانگیر ترین نے کہا کہ انتخابات 2013 میں کراچی کے عوام نے پی ٹی آئی کو بھرپور طریقے سے ووٹ دیے اور وہ کراچی کی دوسری سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی، انھوں نے کہا کہ مرکزی قیادت کی ہدایت پر وہ تمام صوبوں میں پارٹی کی تنظیم نو کررہے ہیں اور اسی سلسلے میں انھوں نے بلوچستان کے بعد کراچی کا دورہ شروع کیا ہے۔

انھوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ کراچی میں تنظیمی سطح پر گروپ بندیاں ہیں اور وہ جلد ان کا خاتمہ کردیں گے،نیب کے چیئرمین کے انتخاب کے بعد یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ5سال بھی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے نورا کشتی میں گزارے اور اب بھی وہ دونوں نورا کشتی لڑرہے ہیں، انھوں نے کہا کہ خورشید شاہ کو بحیثیت اپوزیشن لیڈر دیگر اپوزیشن جماعتوں سے چیئرمین نیب کی تقرری پر مشاورت کرنا چاہیے تھی جو انھوں نے نہیں کی، انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس آج ہفتہ کو اسلام آباد میں ہوگا ، انھوں نے کہا کہ میں صوبہ سندھ اور بالخصوص کراچی کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ تحریک انصاف ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر ان کے ساتھ ہوگی۔
Load Next Story