ڈاکوؤں نے بینک سے44لاکھ روپے اور1800امریکی ڈالر لوٹ لیے

شاد مان ٹاؤن میں واقع نجی بینک میں ٹولیوں کی شکل میں 11 ملزمان داخل ہوئے ،6منٹ میں ڈکیتی کی کارروائی مکمل کی


Staff Reporter October 26, 2013
پولیس نے بینک پر تعینات دونوں نجی کمپنی کے محافظوں کو حراست میں لے کر شامل تفتیش کر لیا ،فوٹو: فائل

شادمان ٹاؤن میں واقع نجی بینک سے درجن سے زائد مسلح ملزمان 44لاکھ روپے اور 1800 امریکی ڈالر لوٹ کر فرار ہو گئے۔

ملزمان فرار ہوتے ہوئے سیکیورٹی گارڈز سے اسلحہ اور سی سی ٹی وی فوٹیج لے کر فرار ہوگئے، پولیس نے بینک منیجر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی، تفصیلات کے مطابق شارع نور جہاں کے علاقے شادمان ٹاؤن نمبر 2 سیکٹر 14-B مرکزی سخی حسن روڈ پر واقع نجی بینک میں صبح پونے 11 بجے کاروں اور موٹر سائیکلوں پر سوار ایک درجن سے زائد مسلح ملزمان آئے اور ٹولیوں کی شکل میں بینک کے اندر داخل ہو گئے۔

ملزمان نے بینک میں تعینات نجی سیکیورٹی کمپنی کے گارڈز محمد قیوم اور مزمل شاہ کو یرغمال بنا کر ان سے 30 بور پستول اور رپیٹر چھین کر بینک کے عملے اور وہاں موجود کھاتے داروں کو بھی یرغمال بنا کر بینک کے کیش کاؤنٹر پر موجود 44 لاکھ 32 ہزار 436 روپے اور ایک ہزار 800 امریکی ڈالر لوٹ کر فرار ہو گئے ، ایس ایچ او شارع نور جہاں طارق محمود نے بتایا کہ ملزمان سیکیورٹی گارڈز سے اسلحہ اور بینک میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی ڈی وی ڈی اپنے ہمراہ لے گئے۔



پولیس نے بینک پر تعینات دونوں نجی کمپنی کے محافظوں کو حراست میں لے کر شامل تفتیش کر لیا ، ملزمان نے مذکورہ کارروائی 6 منٹ کے دوران مکمل کی اور اس دوران بینک کے اندر 2،2 کی ٹولیوں میں 11 ملزمان داخل ہوئے تھے جبکہ بینک کے باہر 3 ملزمان کھڑے تھے، جو شلوار قمیص اور پینٹ شرٹ میں ملبوس تھے، پولیس نے بینک منیجر ذاکر سراج کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے، واضح رہے کہ مذکورہ بینک ڈکیتی سال رواں کی22 ویں بینک ڈکیتی ہے، مقدمے کی تفتیش اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے سپرد کر دی گئی ہے پولیس کے مطابق مخبروں کے ذریعے بینک ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس پارٹیاں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہیں۔

مقبول خبریں