کراچی متحدہ کے کارکن سمیت5افراد قتل ٹارگٹڈ آپریشن میں120گرفتار

اورنگی ٹاؤن سیکٹرساڑھے 8 میں ایم کیوایم کاکارکن ٹارگٹ کلرز کا نشانہ بنا، احسن آباد ،گلشن معمار،پپری روڈ پر بھی فائرنگ

آپریشن میں ایس ایچ او سرسید اورایس آئی او نیو کراچی کے قتل میں ملوث مبینہ ملزم اور لیاری گینگ وار کے اہم ملزمان گرفتار کرلیے۔ فوٹو:فائل

RAWALPINDI:
شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں متحدہ کے کارکن سمیت5افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ کورنگی صنعتی ایریا میں فائرنگ کا زخمی دوران علاج دم توڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے8 میں واقع رکشا اسٹینڈ کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی۔ ایس ایچ او عبدالرحمنٰ نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول کی شناخت25 سالہ آصف ولد عبدالرحمن کے نام سے ہوئی ہے اور وہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر 13-E گلی نمبر5 اور مکان نمبر 408کا رہائشی تھا۔ مقتول اورنگی ٹاؤن ساڑھے 8 میں پتھارا لگا کر ایرانی پٹرول اور ڈیزل فروخت کرتا تھا جبکہ وہ متحدہ قومی موؤمنٹ کے یونٹ 122 کا کارکن بھی تھا۔ پولیس نے تمام شواہد جمع کر کے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

سہراب گوٹھ کے علاقے احسن آباد میں نامعلوم مسلح ملزم کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ ایس ایچ او سہراب گوٹھ شعیب احمد کے مطابق مقتول کی شناخت 45 سالہ نذیر احمد ولد خدا بخش کے نام سے ہوئی ہیجو ریٹائرڈ فوجی تھا۔ ڈی ایس پی سہراب گوٹھ خالد خان نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول احسن اباد کے علاقے میں واقع یوسف صاحب گوٹھ کا رہائشی اورایک این جی او کا مالک تھا جس کا دفتر اس کے گھر سے متصل تھا۔ مقتول کا پلاٹوں پر تنازع بھی چل رہا تھا، گزشتہ روز وہ ااپنے بیٹے اسد کے ہمراہ گھر سے متصل آفس میں بیٹھا ہوا تھا کہ ایک شخص نے ملنے آیا۔مقتول نے اپنے بیٹے کو چائے لینے کے لیے بھیجا تو اسی دوران مہمان نے ہی فائرنگ کر کے اسے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔

گلشن معمار تھانے کی حدود پیر بخش گوٹھ کے قریب قبرستان سے ایک شخص کی لاش ملی جسے سر پر وزنی چیز مار کر قتل کیا گیا۔ مقتول کی شناخت40 سالہ رسول غنی ولد سفر جان کے نام سے ہوئی جو ملا عیسیٰ گوٹھ کا رہائشی اور ٹرک ڈرائیور تھا۔ بن قاسم کے علاقے پپری روڈ پر واقع نصیر آباد قبرستان کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے چنگ چی رکشے میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑگیا۔ مقتول کی شناخت نہ ہوسکی، جس کی وجہ سے لاش ایدھی سرد خانے میں رکھوا دی گئی ہے۔

کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود میں مہران ٹاؤن میں اتوار کو شادی کی تقریب کے دوران جھگڑے میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا 26 سالہ ناصر ولد محمد بچل پیر کو جناح اسپتال میں دم توڑ گیا۔ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے فاطمہ نامی خاتون زخمی ہوگئی، کورنگی کے علاقے ڈھائی نمبر میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ عثمان شدید زخمی ہوگیا۔




شہر میں پولیس اور رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ایس ایچ او سرسید اورایس آئی او نیو کراچی کے قتل میں ملوث مبینہ ملزم اور لیاری گینگ وار کے اہم ملزمان سمیت 120ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ ، دستی بم اور دیگر سامان برآمد کر لیا ۔ نیو کراچی پولیس نے کنٹری ٹاور کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں عاصم عرف راجو ولد محمد فہیم کوگرفتار کر کے 2 ہینڈ گرینیڈ ، ایک ٹی ٹی پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی۔ ایس ایچ او نیو کراچی چوہدری افضل نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزم ایس ایچ او سرسید عرفان حیدر اور ایس آئی او نیو کراچی شہباز کے قتل میں ملوث ہے اورگرفتار ملزم کے خلاف پولیس مقابلے، ایکسپلوزایکٹ ، غیر قانونی اسلحہ اور ایس ایچ او اور ایس آئی اوکے قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ سکھن پولیس نے سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزم رجب علی عرف ندیم ولد محبت خان کو گرفتار کر لیا۔

ایس ایچ او راؤ رفیق نے ایکسپریس کو بتایا کہ گرفتار ملزم اغوا برائے تاوان کے4 مقدمات سمیت 9 مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم اس سے قبل بھی گرفتار ہو چکا تھا اور فروری میں پیشی کے دوران انسداد دہشت گردی کی عدالت سے فرار ہو گیا تھا جس کا مقدمہ کھارادر تھانے میں درج ہے۔ملیر سٹی پولیس نے ملزم شاہ جہاں عرف بابا ولد علی محمد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول برآمد کر لی۔ ملزم17مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا اور اس کا تعلق گینگ وار کے سہیل ڈاڈا گروپ سے ہے۔ شرافی گوٹھ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران6 ملزمان حاجی رحمن ، عامر ولی، اصغر خان ، محمد یار ، خان اﷲ اور عثمان کو گرفتار کرکے ایک ٹی ٹی پستول اور2 کلو منشیات برآمد کر لی ۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔پولیس نے کورنگی سیکٹر34/1اور سیکٹر 34/2 میں واقعے لیبر اسکوائر اور ضیا کالونی میں سرچ آپریشن کے دوران 9 مشتبہ افراد فرقان ولد فتح محمد ، محمد نعیم ولد محمد حسن ، محمد عبید ولد محمد سلیم ، ذوہیب خان ولد محمد رفیق ، رئیس ولد حبیب ، عمر فاروق ولد حسین ، حمید ولد امیر حمزا، محمد ایوب ولد محمد جمیل کو حراست میں لے کر 3 موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔ ایک مفرور ملزم محمد عمر کو بھی گرفتار کیا گیا۔ شاہ فیصل کالونی پولیس نے اکبر ولد ابراہیم کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی۔ سمن آباد پولیس نے عبدالحق ولد منیر عرف کندھاری ولد فضل الحق کو گرفتار کر کے ٹی ٹی پستول برآمد کر لی۔ ایسٹ زون پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں میں37 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے10پستول ،2 ریوالور ، ایک رپیٹر37 راؤنڈ ، نقد رقم ،4 موبائل فونز اور2 موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں ایک اشتہاری اور3 مفرور ملزمان شامل ہیں۔

ویسٹ زون پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں میں24 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے3 ہینڈ گرینیڈ ، ایک کلاکوف ، 3 پستول 13راؤنڈ اور ایک مغوی کو بازیاب کرا لیا گیا ، گرفتار ملزمان میں 12مفرور اور اشتہاری ملزمان شامل ہیں۔ پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقے جن میں حسین ہزارہ چوک چاکیواڑا، کوئٹہ ٹاؤن ، مولا عیسیٰ گوٹھ، شانتی نگر، میکاسا سینٹر ، پی آئی بی کالونی، اولڈ سبزی منڈی ، ریلوے ساؤسنگ سوسائٹی ، ناتھا خان گوٹھ ، اجتماع روڈ، نارتھ ناظم آباد ، کیماڑی، ملیر ٹنکی کے قریب ٹارگٹ آپریشن اور اسنیپ چیکنگ کے دوران39 جرائم پیشہ عناصر کو حراست میں لے لیا۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق حراست میں لیے جانے والے ملزمان میں لیاری گینگ وار اور سیاسی جماعتوں کے مختلف گروپ سے تعلق رکھنے والے شامل ہیں جو سنگین جرائم میں ملوث ہیں ۔ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے چھوٹے بڑے 162 ہتھیار برآمد کر لیے گئیجن میں ایس ایم جیز ، رائفل ، ہینڈ گرنیڈ اور بھاری مقدار میں گولیاں شامل ہیں ۔
Load Next Story