پی سی بی کے عبوری چیئرمین کے تقرر سے متعلق انٹرا کورٹ اپیل سماعت کیلئے منظور

ہائی کورٹ کے حکم پر نگراں چیئرمین مقرر کیا گیا جس کے پاس ٹیم کی سلیکشن کا اختیار نہیں ہے، وزارت بین الصوبائی کی وکیل

انٹرا کورٹ اپیل سماعت کیلئے منظور ہونے کے بعد بھی اسلام آباد ہائیکورٹ کے آج سبح کا فیصلہ برقرار رہے گا۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے عبوری چیئرمین کے تقرر کے حوالے سے انٹرا کورٹ اپیل کو سماعت کے لئے منظور کرلیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 4 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل رکنی بینچ کی جانب سے جاری کئے گئے فیصلے کے خلاف پی سی بی، وزارت بین الصوبائی رابطہ اور دیگر درخواست گزاروں کی جانب سے دائر اپیلوں پر جسٹس نورالحق قریشی اور جسٹس ریاض احمد خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سماعت کی، دوران سماعت بین الصوبائی رابطہ کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کے حکم پر نگراں چیئرمین مقرر کیا گیا جس کے پاس ٹیم کی سلیکشن کا اختیار نہیں ہے، ہر کام میں جمہوری عمل کی بات کی جائے تو پھر ججز کی تقرریاں بھی الیکشن کی بنیاد پر ہونی چاہئے، عدالتی فیصلے زرد صحافت نہیں کہ لوگوں کی پگڑیاں اچھالی جائیں۔


عدالت نے انٹرا کورٹ اپیلیں سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے نجم سیٹھی اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 4 نومبر تک ملتوی کردی جبکہ عدالت نے موجودہ صورتحال برقرار رکھنے کا بھی حکم دیا۔

واضح رہے کہ انٹرا کورٹ اپیل میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے آج صبح کے نجم سیٹھی کو بطور چیئرمین پی سی بی کام سے روکنے اور عبوری کمیٹی معطل کرنے کے فیصلے کو چیلنج نہیں کیا گیا ہے اس لئے وہ فیصلہ اپنی جگہ برقرار رہے گا۔
Load Next Story