لائیواسٹاک سیکٹرکوقرض کی فراہمی پرمویشی بیمہ اسکیم کااعلان

بینک مویشیوں کی خریداری کیلیے5ملین روپے تک کے قرضوں کا بیمہ لیں گے، اسٹیٹ بینک

بینکوں کو اسکیم پر عملدرآمدکیلیے اچھی ساکھ کی بیمہ کمپنیوں سے معاہدوں کی ہدایت فوٹو: فائل

KARACHI:
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایس ای سی پی، بینکوں، بیمہ کمپنیوں اور صوبائی محکمہ ہائے گلہ بانی و ڈیری مصنوعات کے اشتراک سے قرضہ لینے والوں کے لیے 'مویشی بیمہ' (Livestock Insurance) کا ایک فریم ورک تیار کیا ہے، اس کا مقصد گلہ بانی و ڈیری کے شعبے کی مالیات تک رسائی کو بہتر بنانا اور بیماری، قدرتی آفات اور حادثات کے سبب مویشیوں کی اموات سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنا ہے۔

یاد رہے کہ زرعی پیداوار میں شعبہ گلہ بانی کا حصہ 55 فیصد اور مجموعی جی ڈی پی میں 11.4 فیصد ہے، یہ غربت میں کمی اور خصوصاً دیہی علاقوں میں مقیم غریب طبقے کا معیار زندگی بڑھانے کا اہم ذریعہ ہے تاہم گلہ بانی/ ڈیری اور گوشت کے شعبے کو بینکوں کا قرضہ صرف 56 ارب روپے ہے جو 2012-13 میں 336 ارب روپے کے مجموعی زرعی قرضوں کا 17 فیصد بنتا ہے، اس شعبے میں قرضے کے کم استعمال کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ یہاں مناسب بیمہ مصنوعات کم دستیاب ہیں یا خطرات کو کم کرنے والے دیگر ذرائع محدود ہیں۔ مویشی بیمہ اسکیم خطرات کو کم کرنے والا بنیادی ذریعہ ثابت ہو گا۔




اس سے بینکوں کو ترغیب ملے گی کہ وہ امکانات سے بھرپور اور اب تک توجہ سے محروم اس شعبے کو قرضے کی فراہمی بڑھائیں، اسکیم سے قرضہ لینے والے کسانوں کو بھی یہ فائدہ ہو گا کہ وہ بیماری، حادثے، سیلاب، بارشوں اور طوفان کی وجہ سے اپنے ڈیری جانوروں، دودھ دینے والے یا چربیلے مویشیوں یعنی بھینس، گائے اور بیل کی موت کی صورت میں ہونے والے نقصان سے بچ سکیں گے، اسکیم کے تحت بینک مویشیوں کی خریداری کے لیے 5 ملین روپے تک کے قرضوں کا بیمہ لیں گے۔

اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مندرج قواعد و ضوابط کی بنیاد پر اسکیم پر عملدرآمد کریں اور اپنے قرض گیروں کے مویشیوں کے بیمے کی ضمانت کی غرض سے اچھی ساکھ کی حامل بیمہ کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کریں، نیز بینک پریمیم ریٹ، جانور کی معذوری یا چوری کی صورت میں بیمہ کی کوریج وغیرہ کے حوالے سے باہمی رضامندی سے بہترین شرائط طے کرنے کے لیے بیمہ کمپنیوں کے ساتھ گفت و شنید کر سکتے ہیں۔ اسٹیٹ بینک حکومت پاکستان سے درخواست کرے گا کہ وہ چھوٹے کسانوں کے بیمہ پریمیم کا خرچ اعانت میزانیہ (budgetary support) کے ذریعے برداشت کرے جیسا 5 بڑی فصلوں کے لیے حکومت کی لازمی ''فصلی قرضوں کی بیمہ اسکیم'' کے تحت کیا جا رہا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی درجہ بندی کے مطابق 20 گائے/ بھینس اور 50 چربیلے مویشی کے مالک چھوٹے کسان شمار کیے جاتے ہیں۔
Load Next Story