مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر روابط شروع کردیئے ہیں وزیرخارجہ

کوشش ہے کہ خطے کو جنگ سے بچانے اور قیام امن کیلئے جو کردار ادا کر سکتے ہیں وہ کیا جائے، شاہ محمود قریشی

پاکستان سمجھتا ہے کہ کشیدگی نہ صرف ہمارے بلکہ پورے خطے کے مفاد میں نہیں، شاہ محمود قریشی .فوٹو:فائل

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے حوالے سے دیگر ممالک سے روابط شروع کر دئیے ہیں تاکہ خطے کو جنگ سے بچانے کیلئے اور قیام امن کیلئے پاکستان جو کردار ادا کر سکتا ہے وہ کیا جائے۔

ایران، امریکا کشیدگی کے حوالے سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ عرصہ دراز سے کشیدگی کا شکارہے، اور 3 اور 8 جنوری کے علی الصبح سامنے آنے والے ردعمل نے کشیدگی میں مزید اضافہ کردیا ہے، پاکستان سمجھتا ہے کہ یہ کشیدگی نہ صرف ہمارے بلکہ پورے خطے کے مفاد میں نہیں اور خطہ مزید کسی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔


شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے اور کوشش ہے کہ ہم معاملات کو سلجھائیں، مشرق وسطیٰ کی اس ساری صورتحال کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے پاکستان نے خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی روابط کے فروغ کا فیصلہ کیا ہے، ہم نے روابط شروع کر دئیے ہیں تاکہ خطے کو جنگ سے بچانے کیلئے اور قیام امن کیلئے پاکستان جو کردار ادا کر سکتا ہے وہ کیا جائے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مجھے خصوصی ہدایت کی ہے کہ میں امن کی ہماری خواہش کو آگے بڑھانے کے لیے اور معاملات کو سلجھانے کیلئے ایران ،سعودی عرب اور امریکہ کا دورہ کروں، میری خطے کے مختلف وزرائے خارجہ سے گفت وشنید ہوئی ہے ان سب کی یہی رائے ہے کہ ہم مل جل کر خطے کے امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

 
Load Next Story